وزیراعظم مودی اور وزرائے اعلی کی ماسک پہن کرویڈیو كانفرنسنگ میں شرکت

نئی دہلی، 11 اپریل (یواین آئی) کورونا وائرس (كووڈ -19) سے نمٹنے اور آگے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کے لئے ہفتہ کو ویڈیو كانفرنسنگ کے ذریعے ہونے والی میٹنگ میں وزیراعظم نریندر مودی اور ریاستوں کے وزرائے اعلی نے ماسک پہن کر حصہ لیا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے ابھی ملک بھر میں 21 دن کا لاک ڈاؤن لاگو ہے جس کی مدت 14 اپریل کو ختم ہونی ہے۔ اس اہم میٹنگ میں مسٹر مودی نے وبا سے پیداہونے والے صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ اس سے نمٹنے کے لئے آگے کی حکمت عملی پر تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ بات کی۔ اسی میٹنگ کی بنیاد پرلاک ڈاؤن کی مدت ختم کرنے یا اسے آگے بڑھانے کا فیصلہ لیا جائے گا۔
یہ میٹنگ اگرچہ ویڈیو كانفرنسنگ کے ذریعے ہوئی لیکن وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ وزرائے اعلی نے بھی اس میں ماسک پہن کر حصہ لیا جس کا مقصد ملک کے باشندوں کو یہ پیغام دینا تھا کہ بغیر ماسک پہنے گھر سے باہر نہیں نکلنا ہے۔
ابھی تک اس بات کے ثبوت نہیں ملے ہیں کہ کورونا وائرس کا انفیکشن ہوا سے ہو رہا ہے یا نہیں لیکن ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے وزارت صحت نے تمام لوگوں سے منہ اور ناک کو ڈھک کر ہی گھروں سے باہر نکلنے کو کہا ہے۔ کچھ ریاستی حکومتوں نے اس پرعمل نہ کرنے والوں کیخلاف جرمانہ لگانے کا بھی انتظام کیا ہے۔