ہندوستان کو بے حال کر رہا کورونا، متاثرین کی تعداد 50 ہزار کے پار، 1783 افراد ہلاک

نئی دہلی: ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس ’ كووڈ -19‘ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3591 نئے کیسزسامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہو چکی ہے اور اسی دوران 89 مریضوں کی ہلاکت کے بعد اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1783 ہو گئی ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے اب تک مجموعی 52952 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے متاثر 1084 افراد کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 15267 تک پہنچ گئی ہے۔

مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا قہر ملک کی 33 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ کورونا وائرس سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر میں صورتحال مسلسل تشویشناک بنی ہوئی ہے اور گزشتہ ایک دن میں ایک ہزار سے زائد 1233 نئے کیسز کے بعد ریاست میں متاثرین کی تعداد 16758 تک پہنچ گئی ہے اور اس دوران مزید 34 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 651 ہو گئی ہے۔ وہیں ریاست میں 3094 مریض صحت یا ب بھی ہو چکے ہیں۔