بحران کے وقت استحصال کرنا سود خوروں کا کام، حکومت کا نہیں: اکھلیش

لکھنؤ: سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) حکومت پر غریبوں کا استحصال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ بحران کے وقت استحصال کرنا سود خوروں کا کام ہوتا ہے، حکومت کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین سے گھر واپس جانے والے غریب، بے بس مزدوروں سے پیسہ لیا جانا بے حد شرمناک ہے۔ اب تو اترپردیش میں آروگیہ سیتو ایپ سے بھی 100 روپے وصولنے کی خبر ہے۔

اکھلیش یادو نے ٹوئٹ کر کے کہا ’’ٹرین سے واپس گھر لیجائے جا رہے غریب، بے بس مزدوروں سے بی جے پی حکومت کے ذریعہ پیسہ لئے جانے کی خبر بے حد شرمناک ہے، آج صاف ہوگیا کہ صنعت کاروں کا اربوں قرض معاف کرنے والی بی جے پی حکومت امیروں کے ساتھ ہے، غریبوں کے خلاف پریشانی کے وقت استحصال کرنا سود خوروں کا کام ہوتا ہے، حکومت کا نہیں۔‘‘

اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’اب تو بی جے پی کے حامی بھی یہ سوچ رہے ہیں کہ اگر سماج کے سب سے غریب طبقے سے بھی گھر بھیجنے کے لئے حکومت کو پیسہ لینے تھے تو طرح طرح کے فنڈ میں جو کھربوں روپے تمام دباؤ اور جذباتی اپیل کرکے ڈلوایا گیا ہے اس کا کیا ہوگا؟ اب تو اترپردیش میں خواتین قرنطینہ سینٹر کی بدانتظامی کے خلاف بھوک ہڑتال پر بیٹھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکایت کرنے پر خواتین کو حکومت اور انتظامیہ کی دھمکیاں مل رہی ہیں، ایسے میں پھولوں کی بارش کا کیا مطلب ہے۔؟