پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر میں کو رونا وائرس کی تشخیص

اسلام آباد ، یکم مئی ( یواین آئی) پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر میں کورونا وائرس (كووڈ 19) کی تشخیص ہوئی ہے اور انہوں نے خود کو اپنے گھر میں قر نطینہ کر لیا ہے ۔ مسٹر قیصر نے ٹوئٹر پر یہ معلومات دی ۔ انہوں نے کہا ’’ میر اکورونا وائر س کا ٹیسٹ مثبت آیاہے ۔ میں نے اپنے گھر میں خود کو قرنطینہ کر لیا ہے‘‘ انہوں نے تمام ہم وطنوں سے احتیاط برتنے کی درخواست کی ہے ۔ اس دوران جیو ٹیلی ویژن نے مسٹر قیصر کے بھائی کے حوالے سے بتایا کہ اسپیکر کے بیٹا اور بیٹی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ۔ اسپیکر کے ان ممکنہ رابطوں کے بارے میں ابھی کوئی اطلاع نہیں ہے جو ان میں کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ ہیں کیونکہ انہوں نے ایوان کا اجلاس بلائے جانے کے تناظر میں گزشتہ ہفتے ارکان ِ پارلیمنٹ اور کئی حکام کے ساتھ میٹنگ کی ہے ۔ وہ 24 اپریل کو وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملے تھے ، تاہم وہ دونوں ایک دوسرے سے مناسب فاصلے پر بیٹھے تھے ۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران دو اراکین پارلیمنٹ ، صوبائی اسمبلی کے ایک رکن اور بہت سے افسران میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی ۔اس سے قبل پیر کو جنوبی صوبہ سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد خود کو قرنطینہ کرنے کی اطلاع فراہم کی تھی ۔ پاکستان کی وزارت صحت کی ویب سائٹ پر جمعرات کی شب دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 16117 کیسز سامنے آئے ہیں اور 358 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔