عرفان کے انتقال پرسچن اور وراٹ سمیت دنیائےکھیل کی تعزیت

نئی دہلی، 29 اپریل (یو این آئی) کرکٹ آئکن سچن تندولکر اور ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی سمیت کھیل کی دنیا کی تمام شخصیات نے اداکار عرفان خان کے انتقال پر بدھ کو غم کا اظہار کر تے ہوئے انہیں اپنا خراج عقیدت پیش کیا۔
اداکار عرفان کا آج ممبئی کے كوکیلابین اسپتال میں انتقال ہو گیا۔وہ 53 سال کے تھے۔عرفان گزشتہ چند سالوں سے کینسر میں مبتلا تھے اور لندن سے علاج کراکر واپس ہندستان لوٹے تھے۔لیکن منگل کی شام اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

عرفان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سچن نے ٹویٹ کرکے کہا کہ عرفان کے انتقال کی خبر سن کر کافی دکھی ہوں۔ وہ میرے پسندیدہ اداکاروں میں سے ایک تھے اور میں نے تقریبا ان کی تمام فلمیں دیکھی ہیں۔ ان کی آخری فلم انگریزی میڈیم میں انہوں نے شاندار اداکاری کی تھی۔ خدا ان کی روح کو سکون فراہم کرے اور ان کے اہل خانہ کو غم برداشت کرنے کی طاقت دے۔

وراٹ نے کہا کہ عرفان کے انتقال کی خبر سے پریشان ہوں۔ان میں بے مثال صلاحیت تھی اور وہ اپنی اداکاری سے سب کے دلوں کو چھو لیتے تھے۔خدا ان کی روح کو سکون دے۔

وریندر سہواگ نے ٹویٹ کرکے کہاکہ عرفان ایک بہترین اداکار اور بہترین صلاحیتوں کے ماکل تھے۔ان کے اہل خانہ کے تئیں میں اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں ۔

پہلوان یوگیشور دت نے کہا کہ ہمارے وقت کے بہترین اداکاروں میں سے ایک عرفان خان کے انتقال کی خبر سے ساکت ہوں۔آپ کے فن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔خدا آپ کی روح کو سکون فراہم کرے۔

پہلوان بجرنگ پونيا نے کہا کہ پان سنگھ تومر، ہندی میڈیم، انگلش میڈیم وہ فلمیں ہیں جو آج بھی دیکھیں تو مزہ دیتی ہیں۔کردار ایک صرف عرفان خان، انتہائی دکھ ہے آپ کے جانے کا، فلم دنیا کو ایک بڑا نقصان ہوا ہے۔خدا آپ کی روح کو سکون دے۔
اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے عرفان کے ساتھ اپنی تصویر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ایک اشتہار کے شوٹنگ کے دوران لیجنڈ کے ساتھ۔سر آپ کے ساتھ گزارے ہوئے لمحے یادگار ہیں۔آپ بہت یاد آئیں گے۔