وزیر اعلیٰ جناب چوہان نے ‘جیون شکتی منصوبہ ‘کا کیا آغاز


خواتین کی جانب سے ماسک بنانے پر فی ماسک 11روپے ادا کرے گی حکومت
وزیر اعلیٰ نے وی سی کے ذریعہ خواتین سے کیا تبادلہ خیال
اُجین 26 اپریل(نیا نظریہ بیورو) وزیر اعلیٰ جناب شیو راج سنگھ چوہان نے گذشتہ روز وزارت میں ‘جیون شکتی ‘منصوبہ کا آغاز کیا۔ اس کے تحت شہری علاقوں میں خواتین گھر گھر ماسک بنا سکیں گی اور منافع کمائیں گی۔ حکومت انہیں فی ماسک 11 روپے کی رقم فوری طور پر فراہم کرے گی۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ماسک بنانے کے لئے رجسٹرڈ خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے جناب چوہان نے کہا کہ ماسک بنا کر وہ نہ صرف نفع کمائیں گی بلکہ نیک کام میں بھی حصہ لیں گی۔ ماسک پہننے سے لوگوں کی زندگیاں بچ جائیں گی۔ یہ ماسک کورونا انفیکشن کو پھیلنے سے روک سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے رابعہ خان( بھوپال) ، سینا بی (نیمچ) ، ورندا اہیروار( رائیسین) ، ورشا جوشی( اندور) ، گریما( اُجین ) اور نوری( گونا) سے بات چیت کی اور ماسک بنانے کے بارے میں معلومات دی ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماسک بنانے کی خواہشمند خواتین کو کال سینٹر نمبر 0755-2700800 پر کال کرکے اپنے ٹیلیفون یا موبائل فون کے ذریعے اپنا رجسٹریشن کرانا ہوگا۔ رجسٹریشن کے بعد موبائل پر ماسک بنانے کا آرڈر ملے گا۔ انہیں ایک وقت میں کم از کم 200 ماسک بنانے کے آرڈر ملیں گے۔ ماسک سوتی کپڑے سے ہی بنے گا۔ ماسک بنانے کے بعد ، وہ اپنے ماسک کو اپنے شہری نوڈل آفیسر کے پاس جمع کرا دیں گی۔ جیسے ہی ماسک جمع کرادیا جائیگا ، ادائیگی پر کارروائی ہوگی۔ ادائیگی ایک ہی دن یا اگلے دن اکا¶نٹ میں جمع کرا دی جائے گی ۔اس موقع پر ، چیف سکریٹری جناب اقبال سنگھ بیس ، ڈائریکٹر جنرل پولیس جناب وویک جوہری ، پرنسپل سکریٹری اربن ایڈمنسٹریشن جناب سنجے دوبے ، پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز ڈاکٹر راجیش راجورا اور سیکرٹری رابطہ عامہ جناب پی نرہری موجود رہے۔