کووڈ19 میں سروے کےلئے لگائی گئی اساتذہ کی ڈیوٹی ہوئی منسوخ


بھوپال:21اپریل(نیانظریہ بیورو)
راجدھانی کے سرکاری اساتذہ کی کووڈ 19 سروے میں عائد ڈیوٹی فی الحال منسوخ کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع ایجوکیشن آفیسر کی طرف سے احکامات کی منسوخی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ جب سرکاری ٹیچروں کی کورونا سروے کے لئے ڈیوٹی لگائی گئی تھی تو ٹیچرس نے اعتراضات درج کروائے تھے۔جس کے بعد یہ فیصلہ لیاگیا۔
بتایا جارہا ہے کہ اساتذہ کی معلومات کے بغیرڈیوٹی لگائی گئی تھی،جس میں کچھ دیویانگ اساتذہ ایسے بھی ہیں جوریٹائرڈ ہونے والے ہیں۔اس کے علاوہ شدید بیماری میں مبتلا بھی ہیںاور کچھ کینسر کی زدمیں ہیں۔جنہیں اس سروے میں فہرست میں شامل کیاگیاہے۔جوڈیوٹی نہیں کرسکتے۔ جب یہ مسئلہ منظر عام پر آیا تو ہفتہ کو محکمہ کی طرف سے مقرر کردہ 1250 اساتذہ کے سروے کے احکامات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ اب ایک نئی فہرست بنائی جائے گی جو جلد جاری کی جائے گی۔ محکمہ کے سامنے مسئلہ یہ بھی تھا کہ انتظامیہ نے نہ تو کسی کو تربیت دی ہے اور نہ ہی حفاظتی وسائل مہیا کیے تھے۔ بہت سے اساتذہ کو گھر سے دور سروے کرنے کے لئے بھی کہا گیا تھا۔ دوسری طرف اساتذہ تنظیمیں مستقل طور پر انشورنس کور کا مطالبہ کررہی تھیں۔غورطلب ہے کہ اس فہرست میں صرف اسسٹنٹ اساتذہ کے نام شامل تھے جبکہ اساتذہ کیڈر کا نام اس میں شامل نہیں تھا۔ حکم جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نتن سکسینا نے کہا ہے کہ کورونا سروے میں اساتذہ کی ڈیوٹی کی فہرست کے حوالے سے کچھ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا ، جس کی وجہ سے فی الحال یہ حکم منسوخ کردیا گیا ہے۔