Naya Nazariya Urdu Daily from Ujjain

فلموں میں کام کرنے کو زیادہ ترجیح دیتی ہوں

Thumb

بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اس وقت اپنے کیریئر کے عروج پر ہیں، تاہم کیریئر کے ساتھ ساتھ وہ ذاتی زندگی کی وجہ سے بھی خبروں میں ان ہیں۔عالیہ بھٹ اور اداکار رنبیر کپور اپنے افیئر کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکزی بنے ہوئے ہیں، یہ دونوں متعدد ایونٹس میں بھی ایک ساتھ نظر آتے ہیں، جبکہ ان دونوں کے خاندان بھی اس رشتے سے خاصے خوش نظر آتے ہیں۔جہاں ہر کوئی ان دونوں کی جلد شادی کی خبر سننے کے لیے بےتاب ہے وہیں یہ دونوں ہی فی الحال شادی کرنے کے حوالے سے سنجیدہ نہیں۔عالیہ بھٹ کی بات کی جائے تو انہوں نے رنبیر کپور کو اپنا جیون ساتھی تو تسلیم کرلیا ہے، تاہم ابھی ان سے شادی کرنے کے حوالے سے نہیں سوچ رہیں۔اس بات کا انکشاف عالیہ نے خود اپنی آنے والی فلم ’گلی بوائے‘ کی تشہیر کے ایک ایونٹ کے دوران کیا جہاں عالیہ سے رنبیر کپور کے ساتھ شادی کرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے لوگوں کو بریک لینا چاہیے، بولی وڈ میں گزشتہ سال دو بڑی اور خوبصورت شادیاں ہوئیں، میرا خیال ہے ابھی صبر کرنا چاہیے، فلمیں دیکھیں، ان میں کام کریں اور باقی سب تو بعد میں دیکھا جائے گا‘۔یہاں عالیہ بھٹ گزشتہ سال دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور پریانکا چوپڑا، نک جونس کی شادی کا حوالہ دے رہی تھیں، تاہم وہ گزشتہ سال سونم کپور کی آنند اہوجا کے ساتھ ہوئی شادی بھول گئیں، جہاں انہوں نے پہلی مرتبہ رنبیر کپور کے ساتھ شرکت کرکے اپنے رشتے کا اعلان کیا تھا۔یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی گزشتہ سال اٹلی میں ہوئی، جبکہ پریانکا اور نک کی شادی جودھپور میں منعقد ہوئی تھی۔رنبیر کپور کی بات کی جائے تو ان کا اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی دپیکا پڈوکون کے ساتھ تعلق تھا، یہ دونوں اپنے رشتے کے لیے کافی سنجیدہ بھی نظر آتے تھے، تاہم بعدازاں ہوا کچھ اور ہی۔رنبیر کپور نے اداکارہ کترینہ کیف سے تعلق جوڑتے ہوئے دپیکا کا دل توڑ دیا، جس کے بعد 2016 میں ان کا کترینہ کیف کے ساتھ بھی بریک اپ ہوگیا تھا۔رنبیر اور عالیہ 2017 سے اپنی آنے والی فلم ’براہمسٹرا‘ میں مصروف ہیں اور اس ہی فلم کے چلتے ان دونوں کے افیئر کی خبریں سامنے آئیں، جن کی تصدیق بعدازاں خود رنبیر اور عالیہ نے اپنے انٹرویوز میں کی۔جہاں سب کو ایسا محسوس ہورہا ہے کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ ایک دوسرے سے شادی کریں گے وہیں ان دونوں کے والدین بھی اس رشتے کی امید میں ہیں، تاہم ان دونوں نے تاحال شادی کے حوالے سے کچھ نہیں سوچا۔

 

 

Ads