وزارت داخلہ نے لاک ڈاؤن کے پیش نظر ثانی شدہ ہدایات جاری کیں

نئی دہلی، 15 اپریل ( یواین آئی ) مرکزی وزارت داخلہ نے کورونا وبا کے پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی مدت میں تین مئی تک توسیع دیے جانے کے پیش نظر ثانی شدہ ہدایات جاری کیں ہیں جن کے تحت پورے ملک میں ریل اور ہوائی ٹریفک کے ساتھ ساتھ تمام طرح کے پبلک ٹرانسپورٹ پر پہلے کی طرح ہی پابند یا ں عائد رہیں گی ۔ تاہم لوگوں کو در پیش مشکلات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کچھ سرگرمیوں کو 20 اپریل سے شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔ نظر ثانی شدہ ہدایات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی جانب سے ہاٹ سپاٹ قرار دئے گئے علاقوں میں لاگو نہیں ہوں گی ۔ وزارت داخلہ نے بدھ کو ایک حکمنامہ جاری کر کے کہا ہے کہ کوروناوائرس کے سبب ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت گزشتہ 14 اپریل تک نافذ شدہ تمام ہدایات کی مدت میں آئندہ تین مئی تک توسیع کی جارہی ہے ۔ ہدایات میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر ِ انتظام علاقوں کے ساتھ ساتھ مرکزی وزارتوں اور محکموں سے ان ہدایات پر مکمل طور پر عمل درآمد کرنے کو کہا گیا ہے ۔ واضح ر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز قوم کے نام خطاب میں کورونا وبا کے بڑھتے قہر کے پیش نظر لاک ڈاؤن کی مدت میں تین مئی تک توسیع دینے کا اعلان کیا تھا ۔ لاک ڈاؤن کی پہلی مدت منگل کو ختم ہونی تھی ۔ وزارت نے ہدایات میں یہ بھی کہا ہے کہ 20 اپریل سے شروع کی جانے والی اضافی چنندہ سرگرمیوں کے بارے میں فیصلہ متعلقہ ریاستیں اور مرکز کے زیر انتظا م علاقے لیں گے ۔ اس کا فیصلہ دیگر ہدایات پر عمل درآمد کے جائز ہ کی بنیاد پر کیا جائے گا ۔ انہیں شروع کرنے سے پہلے متعلقہ ریاستیں ہدایات کے مطابق تمام تیاری کریں گی ۔