ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کی مالی امدادروک دی

واشنگٹن، 15 اپریل (اسپوتنک) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی انتظامیہ کو امریکہ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو دئیے جانے والے فنڈ کو روکنے کی ہدایت دی ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے ڈبلیو ایچ او پر کورونا وائرس (کووڈ -19) کے پھیلنے سے روکنے میں ناکام رہنے اور اس سے متعلق صحیح معلومات چھپانے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے منگل کو وائٹ ہاو¿س میں باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران کہا”آج میں اپنی انتظامیہ کو ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ کوروکنے کی ہدایت دے رہا ہوں۔کووڈ -19 کے حوالہ سے بدنظمی اور اس کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کو چھپانے میں ڈبلیو ایچ او کے کردار کا جائزہ لیا جائے گا“۔
مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالہ سے ڈبلیو ایچ او کی جوابدہی طے کی جانی چاہئے۔
امریکی صدر نے کہا کہ چین میں کورونا وائرس کیسز کے آغاز کے ساتھ ہی ڈبلیو ایچ او اسے قابو کرنے میں ناکام رہا اور اس سے متعلق اصل صورت حال کو مسلسل چھپاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ ڈبلیو ایچ او کوسالانہ 40 سے 50 کروڑ ڈالر کی مالی امداد فراہم کرتا ہے۔
مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ڈبلیو ایچ او نے وقت پر طبی ماہرین کو چین میں بھیج کر اصل صورت حال کا اندازہ کیا ہوتا اور اس وبا کے سلسلے میں چین کی جانب سے شفافیت میں کمی پر عالمی برادری کو آگاہ کیا ہوتا تو اس وبا کو روکا جا سکتا تھا ۔ اس سے ہزاروں لوگوں کی زندگی بچائی جا سکتی تھی اور عالمی معیشت کو ہونے والے نقصان کو بھی بچا جا سکتا تھا۔
قابل غور ہے کہ عالمی وبا کووڈ -19 نے امریکہ میں بھیانک شکل اختیارکرلی ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کرکے 25992 ہوگئی ہے جبکہ 608458 افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔