کوروناسے مرنے والے کے اہل خانہ کوحکومت دے پانچ لاکھ کا معاوضہ:دگ وجئے سنگھ


بھوپال:14اپریل(نیانظریہ بیورو)
اس وقت پوری دنیا کورونا سے بچنے کےلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ ہر ایک اپنی طرف سے مساکین کی مدد کر رہا ہے۔ اسی دوران ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجئے سنگھ نے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو ایک خط لکھا ہے۔ انہوں نے درخواست کی ہے کورونا کی موت پر حکومت متوفی کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی امداد فراہم کرے۔
وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ کو لکھے گئے خط میں سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش میں کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ انتہائی پریشان ہے۔ جبکہ غریب مزدوروں کو اجرت کی عدم ادائیگی کی وجہ سے شدید معاشی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، لیکن مڈل کلاس اور چھوٹے کاروبار بند ہونے اور کام نہ ہونے کی وجہ سے مزدور اورمتوسط طبقہ معاشی بحران سے دوچار ہیں۔ جب ایسے خاندان میں کسی فرد کی کورونا انفیکشن کی وجہ سے موت ہوجاتی ہے تو ، ان کا پورا خاندان سماج سے علیحدہ ہوجاتا ہے۔ انفیکشن کے خوف سے اس کے قریبی لوگ اور رشتے دار بھی اس کی مدد کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہتے یاان کی مددکرنانہیں چاہتے۔
دگ وجئے سنگھ نے مزید لکھا ہے کہ خاندانی ممبر کی موت کی وجہ سے ہونے والے معاشی بحران کاخوف ہے ۔کیون کہ سماج سے علیحدہ ہونے کے سبب اوردیگرلوگوں کی جانب سے انہیں نظرانداز کئے جانے کی بناءپر متاثرہ خاندان کی مکمل تباہی کا قوی امکان ہے۔ ایسے خاندانوں کو مایوسی کے ماحول سے نکالنے کے لئے انہیں فوری طور پر ریاستی حکومت کی جانب سے5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنا چاہئے۔