سوچھ سروے کے نتائج آج،ٹاپ5میں آسکتا ہے بھوپال


بھوپال19نومبر(نیا نظریہ بیورو)سوچھ سرویکشن2021 کے نتائج 20 نومبر یعنی آج آئیں گے۔ اندور ایک بار پھر نمبر 1 بن سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ لگاتار پانچواں سال ہوگا۔ پچھلے سال اندور صفائی ستھرائی کا چوکا بنا چکا ہے۔ وہیں بھوپال ملک کے صاف ستھرے شہروں میں ٹاپ-5 میں آ سکتا ہے۔ ایم پی کو مختلف زمروں میں کل 35 اعزازات ملنے کی امید ہے۔
جیتنے والے شہروں اور ریاستوں کو صدر جمہوریہ ڈاکٹر رام ناتھ کووند کی موجودگی میں وگیان بھون، دہلی میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اندور کو ملک کے صاف ستھرے شہروں کے زمرے میں مضبوط دعویدار سمجھا جاتا ہے۔ اندور پچھلے 4 سالوں سے پہلے نمبر پر ہے۔ 2017 سے اب تک اندور پہلے نمبر پر رہاہے۔
اندور-بھوپال کے ساتھ ساتھ اُجین، دیواس، ہوشنگ آباد اور بڑواہا کو سوچھ سرویکشن میں بہتر کارکردگی دکھانے والے شہروں کے زمرے میں نامزد کیا گیا ہے۔ بھوپال نے صفائی دوست، اسٹار ریٹنگ اور سوچھ سرویکشن کا دعویٰ کیا ہے۔ پچھلے سال بھوپال ملک کے صاف ستھرے شہروں میں ساتویں نمبر پر تھا۔اندور، بھوپال اور دیواس نے صفائی دوست سیفٹی چیلنج میں قومی ایوارڈز کے زمرے میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ اس میں انہیں کون سا عہدہ ملے گا، یہ اعلان کے دوران ہی پتہ چلے گا۔اندور، بھوپال، اُجین، دیواس، ہوشنگ آباد، گوالیار، سنگرولی، منڈی، برہان پور، راج گڑھ اور دھار سمیت 25 شہروں نے اسٹار ریٹنگ کا دعویٰ کیا ہے۔مدھیہ پردیش کو بہترین کیٹیگری میں کارکردگی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔سوچھ سرویکشن 2020 میں ریاست کو کل 27 اعزازات ملے ہیں۔ اس میں 18 شہر اسٹار ریٹنگ کے لیے اور 9 شہر سوچھ سرویکشن کے لیے تھے۔ اس بار 35 سے زائد ایوارڈز متوقع ہیں۔