زرعی قانون کو واپس لینے کا اعلان مودی حکومت کے تکبر کو شکست : گہلوت


نئی دہلی، 19 نومبر: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ تین رزعی قوانین کو منسوخ کرنے کا اعلان جمہوریت کی جیت اور مودی حکومت کے تکبر کی شکست ہے۔
مسٹر گہلوت نے ٹویٹ کیا ’’تینوں کالے زرعی قوانین کی واپسی کا اعلان جمہوریت کی جیت اور مودی حکومت کے تکبر کی شکست ہے۔ یہ کسانوں کے صبر کی جیت ہے جو پچھلے ایک برس سے احتجاج کر رہے ہیں۔ ملک کبھی فراموش نہیں کرسکتا کہ مودی حکومت کی کم نظری اور غرور کی وجہ سے سینکڑوں کسانوں کو اپنی جانیں گنوا نی پڑی تھیں۔
انہوں نے کہا ’’میں ان تمام کسانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے کسانوں کی تحریک میں اپنی جانیں قربان کیں۔ یہ ان کی قربانیوں کی جیت ہے‘‘۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا اور ایم ایس پی اور زیرو بجٹ فارمنگ کی سفارش کرنے کے لیے ایک کثیر جہتی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔