فوج ملک کی زمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے: راج ناتھ سنگھ


نئی دہلی، 18 نومبر: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ فوج کے جوان مشرقی لداخ میں کسی بھی مذموم حرکت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور وہ ملک کی زمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مسٹر سنگھ نے جمعرات کو لداخ کے ریزانگ لا میں چین کے ساتھ 1962 کی جنگ میں مارے گئے فوجیوں کی یاد میں تعمیر کی گئی ایک نئی جنگی یادگار کا افتتاح کررہے تھے ۔ ریزانگ لا میموریل چین کی جنگ کے بعد یہاں تعمیر کیا گیا تھا لیکن حال ہی میں اس کی تزئین و آرائش اور توسیع کی گئی ہے اور اسے ایک نئی شکل دی گئی ہے۔ جون 2020 میں وادی گلوان میں چینی فوجیوں کے ساتھ پرتشدد جھڑپ میں شہید ہونے والے 20 فوجیوں کے نام بھی نئی یادگار میں شامل کیے گئے ہیں۔
وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ ہندوستان کا کبھی کسی کی سرزمین پر قبضہ کرنے کا ارادہ نہیں ہے لیکن اگر کسی نے اس کی طرف دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا’’ہندوستان کا کردار یہ رہا ہے کہ ہم نے کبھی کسی دوسرے ملک کی سرزمین پر قبضہ کرنے کا ارادہ نہیں کیا۔ لیکن اگر کسی ملک نے ہندوستان کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی دیکھا ہے تو ہم نے اسے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ ہماری فوج کے بہادر سپاہی ہندوستان کی سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘‘۔