یوگی حکومت کی کامیابی سے کچھ لوگ حواس باختہ:مودی


سلطانپور:16نومبر: سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو کا نام لئے بغیر وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ اترپردیش کی ترقی کے لئے ایماندارانہ سوچ کے ساتھ کام کرنے والی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی کامیابی کو دیکھ کرکچھ لوگ حواس باختہ ہیں۔
مودی نے 341کلو میٹر لمبے پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کرنے کے بعد ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا’اترپردیش کو ڈبل انجن کی حکومت کے جب یاسے فائدے ملتے ہیں تو کچھ لوگ بے چین ہوجاتےہیں۔ ان کی بے چینی قدرتی ہے۔ جو اپنے وقت میں ناکام رہے وہ یوگی کی کامیابی بھی نہیں دیکھ پارہے ہیں جو دیکھ نہیں پارہے ہیں وہ ہضم کیسے کرپائیں گے۔ ایسی سوچ سے دور رہ کرہمارا مقصد خدمت خلق کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سات آٹھ سال پہلے اترپردیش میں نظم ونسق، سڑک اور دیگر بنیادی سہولیات کی خوف ناک حالت دیکھ کر تعجب ہوتا تھا۔ سال 2014 میں یہاں کے لوگوں کے آشیرواد سے ملک کی باغ ڈور سنبھالنے کے بعد انہوں نے اترپردیش کی چو طرفہ ترقی کا خاکہ تیار کیا لیکن یوپی کی سابقہ حکومت نے ساتھ نہیں دیا۔ یہاں تک کے وزیر اعلی میرے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے تک سے گھبراتے تھے۔ جب وہ یوپی آتے تھے تو صرف ائیرپورٹ پر رسیو کرتے تھے اور اس کے بعد پتہ نہیں کہاں غائب ہوجاتے تھے۔
مودی نے کہا کہ گذشتہ حکومت کوووٹ بینک بکھرنے کا خطرہ ہوتا تھا۔ پہلے ترقی وہاں ہوتی تھی جہاں ان کا کنبہ ہوتا تھا اس خطے کے باہر ترقی نہیں ہوتی تھی۔قابل ذکر ہے کہ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے آج صبح ایک ٹوئٹ کے ذریعہ بی جےپی حکومت پر پوروانچل ایکسپریس وے کا سہرہ اپنے سر لینے کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے کہا’ فیتا آیا لکھنؤ سے اور قینچی دہلی سے آئی۔ ایس پی کے کام کا سہرہ اپنے سر لینے کو ہوڑ لگی ہے۔ امید ہے کہ اب تک تنہائی میں بیٹھ کر لکھنؤ والوں نے’سماج وادی پورانچل ایکسپریس وے’کی لمبائی کا اعداد یاد کرلیا ہوگا۔ ایس پی’رنگ برنگے پھولوں کی بارش کر کے اس کا افتتاح کر کے یک رنگی سوچ والوں کو جواب دے گی’۔
اکھلیش کی ہدایت پر ایس پی کے کچھ کارکنوں نے پوروانچل ایکسپریس وے پر سائیکل چلا کر اور پھولوں کی بارش کر کے ایکسپریس وے کا علامتی افتتاح کیا۔