بے لگام مہنگائی سے عام آدمی مزید غریب ہوگیا ہے: کانگریس


نئی دہلی، 16 نومبر: کانگریس نے مہنگائی کو لے کر حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بے لگام مہنگائی سے پہلے ہی پریشان عوام مزید پریشانی میں پھنس گئے ہیں۔
کانگریس نے منگل کو کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران عام آدمی غریب تر ہوتا چلا گیا ہے اور اس دوران مہنگائی جس شرح سے بڑھی ہے اس کا اندازہ سرکاری اعداد و شمار کو دیکھ کر آسانی سے لگایا جا سکتا ہے۔ حکومت اپنا خزانہ بھرنے کے لیے عوام پر مسلسل بوجھ ڈال رہی ہے۔
پارٹی نے کہا کہ حکومت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر کے مقابلے اکتوبر میں تھوک مہنگائی 10.66 فیصد سے بڑھ کر 12.54 فیصد ہو گئی ہے اور عام آدمی کے لئے مہنگائی کی دلدل میں پھنس کر مسلسل مشکلوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
پارٹی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی مکمل طور پر بے لگام ہوچکی ہے۔ عوام پر دوہرا عذاب ہے۔ ایک طرف آمدنی میں کمی آئی ہے اور دوسری طرف مہنگائی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اچھے دن کا خواب دکھا کر عوام کو مہنگے دن دکھائے جارہے ہیں۔