’پتھ پردشک‘ تنظیم نے مختلف میدان میں کارگردگی کےلئے اہم شخصیات کا کیا اعزاز


دیواس15نومبر(نیا نظریہ بیورو)اگر آپ زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو آپ کو مقام بنانا ہوگا،بڑا عہدہ حاصل کرنا ہے تو آپ کو جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔موبائل کا ساتھ چھوڑنا ہوگااورپوری کوشش کرنا ہو گی، تب ہی کامیابی آپ کے قدموں میں آئے گی، ورنہ آپ بھی عام لوگوں کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہو جائیں گے۔سماجی تنظیم پتھ پردشن کی جانب سے ملہار اسمرتی مندر ہال میں بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر سال کیے جانے والے تعلیمی پروگرام کا اس بار بھی انعقاد کیا گیا۔جس میں اس بار سب سے زیادہ تعداد میں بچوں نے پہنچ کر اب تک کی تاریخ رقم کی۔تنظیم کے صدر اے آر شیخ اور میڈیا انچارج ایڈوکیٹ تنویر شیخ، حکیم پٹھان نے کہا کہ ہماری تنظیم گزشتہ کئی سالوں سے مسلم معاشرے میں تعلیم کی بیداری اور تعلیم کی اہمیت کو سمجھانے کی نیت سے اس پروگرام کا انعقاد کر رہی ہے۔ جس کا آغاز 2001 میں ہماری تنظیم کے بانی ممبران ڈاکٹر رئیس قریشی، مرزا مسعود احمد ایڈووکیٹ اور پیارے میاں اور بہت سے دوسرے لوگوں نے کیا تھا۔یہ چھوٹا سا پودا آہستہ آہستہ پروان چڑھا اور آج ادارے کی محنت کا نتیجہ 138 ہونہار طلباءو طالبات کی صورت میں دیکھنے کو ملا۔
مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری سینئر کانگریس لیڈر شوکت حسین نے بتایا کہ میں شروع سے ہی اس تنظیم کا ساتھی رہا ہوں اور یہ تنظیم کی محنت کا نتیجہ ہے کہ آج شہر میں اتنے بچے پڑھ رہے ہیں اور میرٹ میں اپنا مقام حاصل کریں۔ سب کومبارکباد۔
مہمان خصوصی کے طور پر تشریف لائے سابق میئر سبھاش شرما نے کہا کہ یہ ہمارے شہر کے لیے خوشی کی بات ہے کہ ضلع کے اتنے ہونہار بچے اس پروگرام میں موجود ہیں، میری طرف سے سب کو مبارکباد۔
اس موقع پر جھابوا ضلع کے ایکسائز آفیسر شاداب صدیقی جو کہ اُجین سے آئے تھے انہوںنے کہا کہ ہماری کمیونٹی میں والدین چھوٹی عمر سے ہی بچوں کو تکنیکی کاموں میں لگا دیتے ہیں جس کی وجہ سے تعلیم کم ہونے کے ساتھ ساتھ غربت بھی ہے لیکن اب بچے پڑھ رہے ہیں اور لڑکیاں مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں لڑکوں کو بھی محنت کرنی چاہیے اور پوزیشن حاصل کرنی چاہیے۔یاد رکھو محنت کروگے موبائل کا ساتھ چھوڑو گے تو ہی منزل پر پہنچونگے ورنہ نہیں۔اس موقع پر پریس کلب کے سیکرٹری ایڈوکیٹ چیتن راٹھوڑ نے بھی تعلیم کی اہمیت بتاتے ہوئے بچوں کو مبارکباد دی۔
اس پروگرام میں معین نثار خان قومی باسکٹ بال ٹیم میں دیواس کا اعزاز بڑھانے کے لیے،اس کے ساتھ ہی وہیبہ شیخ کو بین الاقوامی سطح پر رسی چھلانگ میں دیواس کا اعزاز بڑھانے پر اعزاز نوازا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دسویں اور بارہویں جماعت میں میرٹ پر جگہ حاصل کرنے پر ضلع کے 16 بچوں کو نقد توصیفی اور میڈلز سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ ادارے کی جانب سے 122 بچوں کو میڈل اور توصیفی اسناد دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔مسلم معاشرے سے بنے 9 وکلاءکو بھی ادارے کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا۔اس موقع پر تنظیم کے سرپرست اعلیٰ قاضی مولانا ابوالکلام فاروقی بھی موجود تھے۔ڈاکٹر رئیس قریشی نے پروگرام کی نظامت کی اور سید مقصود علی نے ضلع بھر سے آئے ہوئے بچوں، ان کے والدین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر سول سوسائٹی کے کئی نامور اراکین اور باہر سے آئے ہوئے مہمان بھی موجود تھے۔