وزیر اعظم کی آمد پر: پولیس نے حفاظتی انتظامات کے مد نظر شہر کی کئی سڑکوں کو کیا بند


بھوپال15نومبر(نیا نظریہ بیورو)وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کی وجہ سے پیر کے روز پولیس نے شہر کی کئی عام سڑکوں پر ٹریفک کا رخ موڑ دیا ۔پولس نے بورڈ آفس سے گنیش مندر ریلوے اوور برج (آر او بی) کے راستے باگ سیونیہ پولیس اسٹیشن جانے والی ہوشنگ آباد سڑک کو عام لوگوں کے لیے مکمل طور پر بند کر دیاتھا۔ یہاں تک کہ پیدل بھی لوگوں کو اس پر چلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ایسے میں لوگوں کو 5 سے 6 کلومیٹر گھوم کر آنا جانا پڑا۔جواہر چوک سے منڈی دیپ تک نیلی بسوں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے بھی لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
بتاتے چلیں کہ اس راستے سے وزیر اعظم رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن (پرانا نام حبیب گنج) کا افتتاح کرنے کے لیے بی یو پہنچنے والے تھے اس لئے یہ سب کیا گیا تھا۔وزیر اعظم جمبوری میدان میں قبائلی گورو سمان پروگرام میں شرکت کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے بی یو پہنچے۔بورڈ آفس چوراہے سے گنیش مندر ریلوے اوور برج سے بی یو تک سڑک بند رہی۔ یہاں سے لوگ ہوشنگ آباد روڈ چیتک برج سے ہوکر نکلے۔اس کے ساتھ ہی حبیب گنج انڈر پاس سے باگ سیونیہ تھانے تک اور بورڈ آفس سے گنیش مندر تک کی سڑک بھی مکمل طور پر بند رہی۔ پولیس نے ایمس کی جانب سے حبیب گنج ریلوے انڈر پاس کے قریب سے مسرود جانے کے لیے سڑک کا رخ موڑا۔
آئی ایس بی ٹی اور حبیب گنج ریلوے اسٹیشنوں پر آنے والے مسافر کم پبلک ٹرانسپورٹ بسوں کی وجہ سے پریشان ہو ئے۔ دراصل منڈی دیپ تک چلنے والی نیلی بسیں کم چل رہی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی آٹو ڈرائیور بھی مسافروں سے دگنی رقم مانگ رہے تھے۔ ایسے میں لوگوں کو کئی کلومیٹر پیدل چلنا پڑا۔