ملک میں کورونا کے 10 ہزار سے زائد نئے معاملے


نئی دہلی، 15 نومبر: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 10 ہزار سے زیادہ نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور اس دوران اس وبا کی وجہ سے 125 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔
ہندوستان میں اتوار کے روز 30 لاکھ 20 ہزار 119 افراد کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے اور اب تک ایک ارب 12 کروڑ 34 لاکھ 30 ہزار 478 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔
پیر کی صبح مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 10,229 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ 44 لاکھ 47 ہزار 536 ہو گئی ہے۔ اس دوران 11 ہزار 926 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد تین کروڑ 38 لاکھ 49 ہزار 785 ہوگئی ہے۔
ملک میں ایکٹو کیسز 1,822 کم ہو کر 1,34,096 پر آ گئے ہیں۔ اس دوران 125 مریضوں کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد چار لاکھ 63 ہزار 655 ہو گئی ہے۔ ملک میں ایکٹو کیسز کی شرح 0.39 فیصد پر آگئی، صحت یابی کی شرح 98.26 فیصد اور اموات کی شرح 1.35 فیصد پر برقرار ہے۔