پلوامہ میں کشمیری پنڈت کی آخری رسومات انجام دینے میں مقامی مسلمان پیش پیش رہے


سری نگر،14 نومبر: جنوبی ضلع پلوامہ کے وشہ بوگ گاوں میں مقامی مسلمانوں نے مذہبی ہم آہنگی، اتحاد، انسانیت نوازی اور کشمیریت کی عمدہ مثال قائم کی ہے جہاں وہ ایک معمر کشمیری پنڈت کنہیا لال کی آخری رسومات انجام دینے میں پیش پیش رہے۔
آخری رسومات میں بیسیوں مقامی افراد بالخصوص نوجوانوں نے شرکت کی اور نم آنکھوں سے آنجہانی پنڈت کو رخصت کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع پلوامہ کے وشہ بوگ علاقے میں کنہیا لال کا یہ خاندان اُن سینکڑوں کشمیری پنڈت خاندانوں میں ایک ہے جو گذشتہ تین دہائیوں کے نامساعد حالات کے دوران بھی کشمیری میں ہی مقیم رہے اور اپنے ہمسایہ مسلم برادری کے دکھ سکھ میں شامل حال رہے۔