صدر کووند اور وزیراعظم مودی نے منی پور حملے کی مذمت کی


نئی دہلی، 13 نومبر: صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندر مودی نے منی پور میں آسام رائفلز کے قافلے پر حملے میں فوجیوں کی ہلاکت کی سخت مذمت کی ہے۔
ایک پیغام میں مسٹر کووند نے کہا ’’آسام رائفلز کے قافلے پر حملہ انتہائی قابل مذمت ہے جس میں فوجیوں کی شہادت کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ اس بزدلانہ حملے کی وجہ سے ہر قسم کی دہشت گردی اور اس کی شکلوں کو ختم کرنے کا ہمارا عزم مزید مضبوط ہو جاتا ہے۔ ہم مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اپنے پیغام میں مسٹر مودی نے کہا ’’منی پور میں آسام رائفلز کے قافلے پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ میں آج شہید ہونے والے فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری تعزیت‘‘۔
واضح رہے کہ منی پور کے چورا چند پور ضلع کے سہکن گاؤں کے قریب سنیچر کے روز گھات لگا کر کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں 46 آسام رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر، ان کے خاندان کے دو افراد اور چار جوان مارے گئے ۔ اس حملے میں چار دیگر افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔