گورکھپور والوں کو احساس ہوگیا کہ ان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے:اکھلیش


گورکھپور:13نومبر: سماج وادی پارٹی(ایس پی)کے سربراہ اکھلیش یادو نے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے آبائی ضلع گورکھپور میں ہفتہ کو کہا کہ وزیر اعلی کے علاقے میں ہی لوگ ترقی کے نام پر خود کو ٹھگا ہوا محسوس کررہے ہیں اور 2022 میں تبدیلی کا راستہ گورکھپور سے ہی نکلتا دکھائی دے رہا ہے۔
اکھلیش نے یہاں ایس پی کی وجئے رتھ یاترا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے عوامی سیلاب ایس پی کی ریلیوں میں اکٹھا ہورہی ہے وہ اس بات کا اشارہ ہے کہ عوام اب بی جےپی سے عاجز آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے گورکھپور والوں کو بڑی توقعات تھیں لیکن یوگی کے ساڑھے چار سالہ اقتدار میں اب گورکھپور کی ہی نہیں پوری ریاست کے عوام محسوس کررہے ہیں کہ ان کے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔