سپریم کورٹ: لکھیم پورکھیری قتل معاملے کی جانچ کی نگرانی پر فیصلہ آج


نئی دہلی، 12 نومبر: سپریم کورٹ جمعہ کے روز لکھیم پورکھیری قتل کیس میں جانچ کی نگرانی کی ذمہ داری ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کو سونپنے کے معاملے میں فیصلہ کرسکتا ہے ۔
چیف جسٹس این وی رمن، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس ہیما کوہلی کی بینچ نے گزشتہ شنوائی کے دوران پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ ججوں جسٹس رنجیت سنگھ اور جسٹس راکیش کمار جین کے نام تجویز کئےتھے ۔ بنچ نے دونوں ججوں میں سے کسی ایک سے جانچ کی نگرانی کی تجویز پیش کی تھی ۔
حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈوکیٹ ہریش سالوے نے کہا تھا کہ وہ 12 نومبر کو اپنا موقف پیش کریں گے۔
چیف جسٹس کی قیادت والی اس بینچ اب تک کی سماعتوں کے دوران یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت کی تحقیقات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کئی بار سرکار کی سرزنش کر چکی ہے ۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت کے دوران بادی النظری میں ایک ملزم کو بچانے کی کوشش کرنے پر کئی سوالات سرکار پر اٹھائے ۔ سرکار کو گواہوں کے تحفظ کا حکم دیتے ہوئے تعزیرات ہند کی دفعہ 164 (سی آر پی سی) کے تحت ان کے بیانات کی قلمبند کرنے میں تیزی لانے کا حکم بینچ نے دیا تھا ۔ عدالت عظمیٰ نے ریاستی حکومت کی طرف سے ثبوت اکٹھا کرنے میں مبینہ طور پرسست رویہ اختیار کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا تھا اور دستیاب شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اسے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حکم سرکار کو دیا تھا ۔