نیپالی فوج نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی قائم کرے گی: جنرل شرما

نئی دہلی، 11 نومبر: نیپالی فوج کے جنرل پربھو رام شرما نے آج کہا کہ نیپال فوج اپنی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی قائم کرے گی۔
جنرل شرما ان دنوں آرمی چیف جنرل منوج مکند نروانے کی دعوت پر ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ بدھ کو ہی صدر رام ناتھ کووند نے انہیں ہندوستانی فوج کے جنرل کے اعزازی عہدے سے نوازا۔
جنرل شرما نے جمعرات کو یہاں نیشنل ڈیفنس کالج میں ایک تقریب میں ‘وال آف آنر’ پر اپنی تصویر کی نقاب کشائی کی۔ اس کے بعد انہیں ایک توصیف بھی پیش کی گئی۔ جنرل شرما اس کالج کے 53ویں کورس کے طالب علم رہے ہیں۔ انہیں یہ خصوصی اعزاز کالج میں نیپالی فوج میں اعلیٰ عہدہ حاصل کرنے پر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل شرما نے نیشنل ڈیفنس کالج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیارات اور علمی فضیلت کے عزم کی تعریف کی اور کہا کہ اس ادارے نے انہیں اس اعزاز کا مستحق بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپالی فوج اپنی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے قیام کی طرف بڑھ رہی ہے اور تعاون کے شعبوں کو وسعت دی جارہی ہے۔
قبل ازیں، دفاعی سکریٹری ڈاکٹر اجے کمار نے نیشنل ڈیفنس کالج کے سابق طلباء کے ایک پورٹل کا افتتاح کیا اور ایک سابق طلباء کا نیوز لیٹر بھی جاری کیا۔ اس سے سابق طلباء ایک دوسرے سے رابطہ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ نیشنل ڈیفنس کالج سے بھی رابطہ قائم کر سکیں گے جس سے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔