ہندوستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف ‘سب سے موثر’ مہم : صدر جمہوریہ


نئی دہلی، 11 نومبر: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج یہاں گورنروں اور لیفٹیننٹ گورنروں کی 51ویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف ‘سب سے موثر’ مہم چلائی گئی ہے۔
دو سال کے وقفہ کے بعد جمعرات کے روز راشٹرپتی بھون میں منعقدہ اس کانفرنس میں نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی شرکت کی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے، یہ کانفرنس گزشتہ دو سالوں سے منعقد نہیں ہو سکی تھی۔ اس سے پہلے گورنروں کی آخری کانفرنس نومبر 2019 میں ہوئی تھی۔
مسٹر رام ناتھ کووند نے کہا کہ ہندوستان نے کووڈ -19 کی عالمی وباء سے نمٹنے کے لیے دنیا کی سب سے مؤثر مہم شروع کی ہے۔ ملک کے تمام کورونا واریئرس نے اپنی قربانی اور لگن سے اپنا فرض نبھایا۔ ملک میں ویکسین کی تیاری اور پیداوار حکومت کی پہل اور سائنسدانوں و صنعتکاروں کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔ اب تک 108 کروڑ سے زیادہ ٹیکے لگائے جاچکے ہیں اور ملک بھر میں ٹیکہ کاری مہم تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔