افغانستان میں ہونے والے واقعات کا پڑوسی ممالک پر گہرا اثر پڑتا ہے: ڈووال

نئی دہلی، 10 نومبر: ہندوستان، روس، ایران اور پانچ وسطی ایشیائی ممالک کے سیکورٹی سربراہوں نے آج افغانستان میں واقعات کے پیشرفت کے علاقائی سلامتی کے منظرنامے پر پڑنے والے اثرات پر گہرا غور و خوض کیا اور تسلیم کیا کہ افغانستان میں ہونے والی پیشرفت نہ صرف اس ملک کے لوگوں بلکہ پڑوسی اور آس پاس کے ممالک پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔
ایران، روس، قازقستان، جمہوریہ کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے قومی سلامتی کے مشیروں نے آج یہاں ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال کی صدارت میں افغانستان کے بارے میں دہلی علاقائی سلامتی مذاکرات میں شرکت کی۔ ہندوستان کی پہل کے تحت منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں پاکستان اور چین کو بھی مدعو کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اس میں شرکت کرنے سے انکار کردیا۔