حکومت وسیم رضوی کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ

نئی دہلی، 10نومبر: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلمانوں کی دل آزاری کرنے والے وسیم رضوی کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
یہ مطالبہ اس نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کیا ہے۔
جاری بیان کے مطابق ایک دریدہ دہن شخص وسیم رضوی مسلسل اس بے ہودہ حرکت کا مرتکب ہو رہا ہے، وہ نہ صرف مسلمانوں کی دل آزاری کررہا ہے؛ بلکہ اس کی یہ حرکت ملک کے امن ویکجہتی کو نقصان پہنچانے والی اور دستور وآئین کو ٹھیس پہنچانے والی ہے، ملک کا قانون کسی بھی مذہب کی مقدس شخصیتوں کی اہانت کی اجازت نہیں دیتااور مذہبی جذبات کے احترام کے سلسلہ میں ہندوستان کی ایک روشن تاریخ رہی ہے، نہ مسلمانوں نے کبھی برادران وطن کی مقدس شخصیتوں اور کتابوں کے بارے میں کوئی نازیبا لفظ استعمال کیا اور نہ برادران وطن نے مسلمانوں کی مقدس شخصیتوں کے سلسلے میں کوئی دل آزار بات کہی۔