اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ پر سیاست تیز:

کانگریس کا حکومت پر لاپرواہی کا الزام،پی سی شرما اور ارچنا جیسوال کی پولیس سے حجت
بھوپال09نومبر(نیا نظریہ بیورو)بھوپال کے حمیدیہ اسپتال کیمپس میں واقع کملا نہرو بلڈنگ میں آگ اور نوزائیدہ بچوں کی موت پر سیاست بھی گرم ہوگئی ہے۔ کانگریس نے حکومت پر لاپرواہی کا الزام لگایا ہے۔ ایم ایل اے پی سی شرما اور خواتین کانگریس کی ریاستی صدر ارچنا جیسوال کی پولیس سے حجت بھی ہوگئیں۔ کانگریس لیڈر کے کے مشرا بھی پہنچے۔ سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ بھی دوپہر 1.30 بجے اسپتال پہنچے۔ اس دوران پولیس نے جیسوال کو اندر جانے سے روک دیا۔
عمارت میں آگ لگنے سے اب تک 7 بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔ جس کی وجہ سے جہاں لواحقین بے چین ہیں اور اسپتال کیمپس چیخ و پکار سے گونج رہا ہے۔ ساتھ ہی سیاست بھی گرم ہو گئی ہے۔ کانگریس اس حادثے پر شیوراج حکومت پر تنقید کر رہی ہے۔ ایم ایل اے شرما نے حکومت پر لاپرواہی کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ جب ماضی میں اسپتال میں آتشزدگی جیسے واقعات ہوتے رہے ہیں تو پھر حفاظتی انتظامات کیوں نہیں کیے گئے۔ خواتین کانگریس کے ریاستی صدر جیسوال نے بھی حادثے کے پیچھے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
منگل کی صبح 11 بجے خواتین کانگریس کے ریاستی صدر جیسوال وارڈ کا معائنہ کرنے اسپتال پہنچیں۔ انہیں روکنے کے لیے عمارت کے مین گیٹ پر پہلے سے ہی پولیس اہلکار تعینات تھے۔ ان میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل تھیں۔ جب جیسوال کو داخلے سے منع کیا گیا تو انہوں نے اپنا آپا کھو دیا اور خواتین پولیس والوں کو ‘بے شرم’ کہہ دیا۔ یہ سن کر وہاں موجود ایک انسپکٹر نے سخت اعتراض کیا۔ تاہم بعد میں جیسوال نے پولیس کو ایسا نہ کہنے کی بات کہی۔ تاہم وہ اندر جانے پر بضد تھیں۔ اس دوران ان کی پولیس کے ساتھ شدید جھڑپ بھی ہوئی۔ بعد میں پولیس نے انہیں عمارت کے پچھلے گیٹ سے اندر جانے دیا۔
ایم ایل اے پی سی شرما وارڈ میں نہیں جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس بچوں کی ماں اور ان کے والد کو بھی اندر نہیں جانے دے رہی ہے۔ یہ غلط ہے۔ معاملے کی جانچ کرانے کے سوال پر ایم ایل اے شرما نے کہا کہ جن لوگوں کے پاس سیکورٹی کی ذمہ داری ہے۔ وہ کیسے جانچ کر پائیںگے؟ انکوائری ہائی کورٹ کے موجودہ جج سے کرائی جائے۔
صبح 10 بجے وزیر سارنگ وارڈ کا معائنہ کرنے پہنچے۔ اس کے بعد وہ باہر گئے اور بچوں کے اہل خانہ سے ملے۔ اس دوران اہل خانہ نے انہیں گھیر لیا اور اپنا دکھ بیان کیا۔ ساتھ ہی بچوں سے نہ ملنے کی بھی بات ہوئی۔ اس کے بعد وزیر نے اسپتال انتظامیہ سے کہا کہ گھر والوں کو اندر بھیجیں اور انہیں بچوں سے ملنے کے لیے لے جائیں۔بھوپال ضلع کانگریس نے 5.30 بجے روشن پورہ کے حمیدیہ اسپتال کی آتشزدگی میں مرنے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کی۔ ساتھ ہی میڈیکل ایجوکیشن وزیروشواس سارنگ کے بنگلے تک کینڈل مارچ بھی نکالا جائے گا۔