حمیدیہ اسپتال واقعہ:

مجرموں پر کارروائی کرراج دھرم کی پیروی کریں وزیر اعلیٰ:اُما بھارتی
بھوپال09نومبر(نیا نظریہ بیورو)اسپتال میں آگ لگنے سے چار بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ ان کی موت کے بعد اس پر سیاست بھی جاری ہے۔ بی جے پی کی سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ اُما بھارتی نے اس پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ساتھ ہی سخت ترین کارروائی کرتے ہوئے انہیں راج دھرم کی پیروی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اُما بھارتی نے شیوراج سنگھ چوہان سے فون پر بات بھی کی ہے۔
انہوں نے اسپتال میں آگ لگنے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ایک نہ بھولنے والاافسوسناک واقعہ ہے اور اس نے بہت سے سوالات کو جنم دیا ہے، جس نے بھی اس میں غفلت برتی ہے اسے جلد از جلد سخت ترین سزا دی جائے۔ اُما بھارتی نے کہا کہ میں نے آج صبح وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان سے بات کی ہے۔ وہ بھی اس واقعے سے شدید غمزدہ ہیں۔اُما بھارتی نے سوال پوچھا ہے کہ کملا نہرو اسپتال کے نوزائیدہ وارڈ کا فائر آڈٹ کب سے نہیں ہوا؟ اس کی دیکھ بھال اور نگرانی کس کی ذمہ داری تھی؟ کب اور کتنا بجٹ ملا؟ تمام حقائق کی جانچ پڑتال کے بعد مجرموں کو فوری طور پر سخت ترین سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین اور اہل خانہ سے میری دلی تعزیت ہے اور ان کے غم کی تلافی نہیں کی جا سکتی۔ لیکن مجرموں کے خلاف سخت ترین کارروائی کر راج دھرم کی پیروی کی جائے گی۔