جموں ہوائی اڈے پر نئی ٹرمینل عمارت کا نام مہاراجہ ہری سنگھ کے نام پر رکھا جائے: ڈاکٹر کرن سنگھ

سری نگر،6 نومبر (یو این آئی) سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے نام اپنے ایک مکتوب میں جموں ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت کا نام ان کے والد مہاراجہ ہری سنگھ کے نام پر رکھنے کو کہا ہے۔
کرن سنگھ جموں و کشمیر کے آخری راجہ مہاراجہ ہری سنگھ کے بیٹے اور سابق صدر ریاست ہیں۔
موصوف کانگریس لیڈر لیفٹیننٹ گورنر کے نام اس مکتوب میں لکھتے ہیں: ’جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ جموں ہوائی اڈے کو پہلے میرے والد مہاراجہ ہری سنگھ نے اپنے ذاتی جہاز کے لئے تعمیر کرایا تھا اور اس کو کئی برسوں تک استعمال بھی کیا تھا‘۔