وزیر اعلیٰ کا اُجین دورہ:

368کروڑ کے تعمیراتی منصوبے شیوراتری سے پہلے ہونگے مکمل:شیوراج سنگھ چوہان- اُجین05نومبر(نیا نظریہ بیورو)وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اُجین شہر ایک شاندار شہر ہے۔ اس بار شیو راتری 22 فروری کو آئے گی۔ لیکن اس سے پہلے 21 فروری کو مہاکال شہر کو سجایا جائے گا اور ہر کوئی شیو راتری کا جشن منائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہاکال مہاراج مندر کمپلیکس توسیعی اسکیم کے تحت کئے جارہے کاموں کو بھی شیو راتری سے پہلے مکمل کرلیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے آج رودرساگر میں مہاکال مہاراج مندر کمپلیکس کے توسیعی منصوبے کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پیدل تعمیراتی کام دیکھے۔ کلکٹر آشیش سنگھ نے انہیں تفصیل سے مکمل معلومات فراہم کیں۔ وزیر اعلیٰ نے ستون، دیواری پینٹنگز اور کمل تالاب، سپت رشی منڈل، شیو آنند تانڈو ستون، شیو ستون، شیو مورتیوںوغیرہ کا دورہ کیا اور کاریگروں کو قریب سے کام کرتے دیکھا۔
معائنہ کے بعد وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے میڈیا کو بتایا کہ مہاکال مہاراج مندر کمپلیکس کی توسیعی اسکیم کل 730 سو کروڑ روپے میں سے 368 کروڑ کا تعمیراتی کام جاری ہے۔ تمام تعمیراتی کام مہاشیو راتری سے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ہدایات دی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت اور مہاکال سے متعلق کہانیوں، روایات، عقائد وغیرہ کو اس پورے کمپلیکس میں اس طرح نشان زد کیا جا رہا ہے کہ یہاں آنے والے کو مافوق الفطرت تجربہ حاصل ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تروینی میوزیم سے مہاکالیشور مندر کی طرف جانے والی سڑک پر 108 ستون بنائے جا رہے ہیں۔ جس میں ہر ستون پر مذہبی روایت تاریخ سے جڑی کہانیاں نشان زد ہوں گی۔
وزیراعلیٰ نے معائنہ کے دوران جاری تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ معائنہ کے دوران بی جے پی کے ریاستی صدر وی ڈی شرما،وزیر اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر موہن یادو، ایم پی انل فیروزیا، ایم ایل اے پارس جین، جن ابھیان پریشد کے نائب صدر وبھاش اپادھیائے، پولیس سپرنٹنڈنٹ ستیندر کمار شکلا موجود تھے۔