کورونا اپڈیٹ:

ریاست میں 24گھنٹوں کے دوران ملے 6نئے معاملے
بھوپال05نومبر(نیا نظریہ بیورو)مدھیہ پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 6 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے بھوپال میں سب سے زیادہ 3 مثبت پائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 8 متاثرہ افراد صحت یاب ہو کر گھر لوٹے ہیں لیکن پھر بھی ایکٹو کیس 100 سے زیادہ ہیں۔ جمعہ کی صبح تک 112 فعال معاملے تھے۔
بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے اضلاع میں بھی کورونا کا انفیکشن دیکھا جا رہا ہے۔ پچھلے 2 دنوں کے اندر بھوپال، اندور، جبل پور کے ساتھ ساتھ چھتر پور، ساگر اور دھار میں بھی مثبت پائے گئے ہیں۔ اس سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ محکمہ صحت متاثرہ افراد کے رابطے میں آنے والوں کی بھی جانچ کر رہا ہے۔
ریاست میں اب تک 7 لاکھ 92 ہزار 884 لوگ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے 7 لاکھ 82 ہزار 248 صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 10 ہزار 524 افراد کورونا کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔مثبت شرح 0.01فیصد ہے اور صحت یابی کی شرح 98.65فیصد ہے۔
جے پی اسپتال بھوپال کے سول سرجن ڈاکٹر راکیش شریواستو نے کہا کہ لوگوں کو کووڈ پروٹوکول پر عمل کرنا چاہیے۔ ماسک پہننا، سماجی دوری پر عمل کرنا اور ہجوم سے دور رہنا چاہئے۔ ساتھ ہی انہوںنے کہا کہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگا کر ہی انفیکشن کی شدت سے بچا جا سکتا ہے۔ اس لیے خود بھی ویکسین لگوائیں اور دوسروں کو بھی ویکسین لگوانے کے لیے آگاہ کریں۔