جمنا ایکسپریس وے پر سڑک حادثہ میں پانچ لوگوں کی موت

متھرا، 5 نومبر: اترپردیش میں متھرا کے نوہ جھیل علاقے میں جمعہ کے روز جمنا ایکسپریس وے پر دو گاڑیوں کے ٹکرانے سے ایک خاتون سمیت پانچ لوگوں کی موت ہو گئی اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ جمنا ایکسپریس وے پر 71 کلومیٹر کی مسافت پر اس وقت پیش آیا جب آگرہ سے دہلی جانے والی ایک پرائیویٹ بس بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر کے دوسری طرف چلی گئی اور نوئیڈا سے آگرہ آنے والی کار سے ٹکرا گئی، جس سے کار میں سوار چار لوگوں کی موت ہوگئی۔ اور بس کے ڈرائیور کی بھی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
سرکل آفیسر نیترپال سنگھ نے بتایا کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار بس کے اندر گھس گئی اور کار میں سوار لوگوں کو بڑی مشکل سے باہر نکالا گیا۔ مہلوکہ بس ڈرائیور کی شناخت پٹھانکوٹ کے باشندے بلونت سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔ کار میں مرنے والوں کی شناخت گورو یادو، گڈو عرف شیو ساگر یادو اور اس کی ماں پریم لتا اور آرین کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے نکی عرف موہنیش یادو کو سٹی لائف لائن اسپتال متھرا میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ نکی اور شیو ساگر یادو اس حادثے میں زخمی ہونے والے سگے بھائی ہیں۔