نرسری سے آٹھویں تک اسکول پیر سے کھلے

نئی دہلی یکم نومبر: کورونا انفیکشن کی وجہ سے تقریباً 19 ماہ کے بعد پیر سے یہاں نرسری سے آٹھویں جماعت تک کے اسکول کھل گئے ہیں۔
دہلی کے وزیر تعلیم منیش سسودیا نے مشرقی دہلی کے ایک اسکول کا دورہ کرکے کورونا ضوابط کا کا معائنہ کیا اور بچوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے کے باعث بچوں کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے پہلے دن اسکول آئے ہیں اور وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ ضوابط پر عمل کرتے ہوئے اسکولوں کو کھولاگیا ہے اوربچوں میں کافی جوش و خروش ہے۔
دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق ہی اسکول کھولے گئے ہیں۔ رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ آف لائن کے ساتھ ساتھ آن لائن کلاسز بھی جاری رہیں۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے والدین کو اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ اسکولوں کو صرف 50 فیصد بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہے۔
ڈی ڈی ایم اے کے رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ بچے اسکولوں میں اپنے لنچ اور کتابوں کا اشتراک نہیں کریں گے۔ تمام بچوں اور اساتذہ کے لیے ماسک پہننا لازمی ہو گا۔ دو شفٹوں میں چلنے والے اسکولوں کو پہلی شفٹ کے ختم ہونے اوردوسری شفٹ کے آغاز کے درمیان کم از کم ایک گھنٹہ کا وقفہ رکھنا ہوگا۔