درآمدی کوئلہ ملایا تو بجلی کی قیمت میں 30 فیصد اضافہ ہوجائے گا: اے آئی پی ای ایف

چندی گڑھ، 28اکتوبر: آل انڈیا پاور انجینئرس فیڈریشن (اے آئی پی ای ایف) نے توانائی کے مرکزی وزیر آر کے سنگھ کو خط تحریر کرکے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ گھریلو کوئلے میں درآمدی کوئلہ ملایا گیا تو بجلی کی قیمت میں 30فیصد تک اضافہ ہوجائے گا۔

فیڈریشن کے ترجمان وی کے گپتا کے آج یہاں جاری بیان کے مطابق توانائی کی مرکزی وزارت نے تمام کوئلہ پر مبنی بجلی پیداوار مراکز کو مشورہ دیا ہے کہ اپنی ضرورت کے مطابق کوئلے کا اسٹاک رکھیں اور ملک میں بڑھی ہوئی بجلی کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے گھریلو کوئلے کی کمی کی صورت میں پروڈیوسر 15فیصد درآمدشدہ کوئلہ کو گھریلو کوئلے میں ملا سکتے ہیں۔

فیڈریشن کے مطابق مثال کے لئے پنجاب میں ایک بجلی پیداوار اکائی کے لئے 15فیصد درآمد شدہ کوئلہ ملانے سے فی یونٹ بجلی کی شرح 3.22روپے فی یونٹ سے بڑھ کر 4.37فی یونٹ ہوجائے گی۔