نیرج چوپڑا اور روی دہیا سمیت 11 کھلاڑیوں کو کھیل رتن، شیکھر سمیت 35 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ

نئی دہلی، 27 اکتوبر: ٹوکیو اولمپکس میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کرنے والے نیزہ باز نیرج چوپڑا اور چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلوان روی دہیا سمیت 11 کھلاڑیوں کو ملک میں کھیل کے اعلی اعزاز میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ کرکٹر شیکھر دھون سمیت 35 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

قومی کھیل ایوارڈ ہر سال 29 اگست کو میجر دھیان چند کے یوم پیدائش پر صدر جمہوریہ کی طرف سے پیش کیے جاتے ہیں، لیکن اس بار ٹوکیو اولمپکس اور پیرا اولمپکس ایک ہی وقت میں ہونے کی وجہ سے یہ ایوارڈ پیش کرنے میں تاخیر ہوئی ہے۔

کھیل رتن کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں میں نیرج چوپڑا، روی دہیا، ہاکی گول کیپر پی آر سریجیش، فٹ بال ٹیم کے کپتان سنیل چھتری، خاتون کرکٹر میتھالی راج، خاتون باکسر لولینا بورگوہین، پیرا بیڈمنٹن کھلاڑی پرمود بھگت، سمیت انتل، اونی لیکھڑا، کرشن ناگر اور منیش ناروال شامل ہیں۔