فوج کے اعلیٰ کمانڈروں سے خطاب کریں گےراج ناتھ

نئی دہلی ، 24 اکتوبر: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ پیر سے شروع ہونے والے فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کی کانفرنس سے خطاب کریں گے جس میں دیگر مسائل کے علاوہ سرحدوں پر موجودہ چیلنج سے متعلق حکمت عملی پر گہرائی سے غور و خوض ہوگا۔
فوج کے ایک ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ پیر سے شروع ہونے والی کانفرنس 28 اکتوبر تک جاری رہے گی اور اس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت ، آرمی چیف جنرل منوج مکندنرونے ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرمبیر سنگھ اور فضائیہ کے سربراہ مارشل وی آر چودھری فوج کے اعلیٰ کمانڈروں کے ساتھ مستقبل کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کریں گے۔
فوجی کمانڈر کانفرنس کا انعقاد سال میں دو بار اپریل اور اکتوبر میں کیا جاتا ہے۔ یہ کانفرنس ایک ادارہ جاتی فورم ہے جس پر تمام متعلقہ امور پر نظریاتی سطح پر جامع گفتگو کی جاتی ہے جس کی بنیاد پر مستقبل کے فیصلے کیے جاتے ہیں اور ساتھ ہی پالیسی بھی بنائی جاتی ہے۔ یہ فورم فوج کی اعلیٰ قیادت کے لیے ایک موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ محکمہ عسکری امور اور محکمہ دفاع کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کرے۔
تین روزہ کانفرنس کے دوران ، فوج کی اعلیٰ قیادت سرحدوں پر موجودہ صورتحال اور کووڈ سے پیدا ہونے والے چیلنجز کے درمیان ابھرتے ہوئے سیکورٹی چیلنجز اور انتظامی پہلوؤں پر گہرائی سے غور کرے گی۔
کانفرنس میں تینوں افواج کے مابین بہتر ہم آہنگی اور انضمام کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔