مداح جلد ہی دھونی کو ہیلی کاپٹر شاٹ مارتے ہوئے دیکھیں گے: سریش رینا

نئی دہلی: چنئی سپرکنگس کے بلے باز سریش رینا کا کہنا ہے کہ مداح جلد ہی آئی پی ایل میں ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو ہیلی کاپٹر شاٹ مارتے ہوئے دیکھیں گے۔ رینا کو یقین ہے کہ طویل عرصہ سے کرکٹ میدان سے باہر رہنے کے باوجود دھونی آئی پی ایل میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ رینا اترپردیش میں اپنے ایک ٹریننگ سنٹر پر دہلی کیپٹلس ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کے ساتھ مشق کر رہے ہیں۔ آئی پی ایل کا انعقاد 19 ستمبر سے دس نومبر تک یو اے ای میں کیا جائے گا۔

سریش رینا نے کہا کہ میں ان کے ساتھ چنئی میں موجود تھا اور کورونا سے پہلے دھونی نے کافی پریکٹس کی تھی۔ امید ہے کہ مداح جلد ہی دھونی کو ہیلی کاپٹر شاٹ مارتے ہوئے دیکھیں گے۔ وہ آئی پی ایل کے اچھے برانڈ امبیسڈر اور ایک شاندار کرکٹر ہیں۔ سریش رینا نے کہا کہ “آئی پی ایل جیسے ٹورنامنٹ میں تجربہ بہت اہم ہوتا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں کافی بڑے گراؤنڈ ہیں اور ہمارے پاس ٹیم میں شین واٹسن اور ڈوائن براوو جیسے بہترین کھلاڑی ہیں جو پوری دنیا کی لیگ میچوں میں کھیلتے ہیں۔