بہادر ماں نے 4 سالہ بچی کو اغوا کاروں کے چُنگل سے بچایا، سی سی ٹی وی میں واقعہ قید

دہلی میں بدمعاشوں کے ذریعہ ایک 4 سالہ بچی کے اغوا کی ناکام کوشش کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مشرقی دہلی واقع شکرپور میں یہ حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے جو سی سی ٹی وی میں بھی قید ہو گیا۔ ویڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 اغواکاروں نے بچی کو اٹھا کر فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن بچی کا شور سن کر اس کی ماں باہر نکلی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بچی کو اغواکاروں کے چنگل سے چھڑا لیا۔
واقعہ منگل کی شام تقریباً 4 بجے کا بتایا جا رہا ہے۔ ایک ہندی نیوز پورٹل کے مطابق شکر پور علاقہ کے سندر بلاک میں 4 سالہ بچی بارش کے بعد کھیل رہی تھی۔ اسی دوران سیاہ رنگ کی موٹر سائیکل پر سوار دو بدمعاش اس کا اغوا کرنے کی کوشش کرنے لگے۔ بچی کی ماں نے جب یہ دیکھا تو تیزی کے ساتھ گھر سے نکلی اور فوراً موٹرسائیکل کو پکڑ لیا جس سے بدمعاشوں کا کنٹرول بائیک سے ختم ہو گیا۔ پھر کسی طرح ماں نے بچی کو چھینا۔ ہنگامہ کی آواز سن کر کچھ پڑوسیوں نے دوڑ کر اغواکاروں کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں میں یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بدمعاش جب بھاگ رہے تھے تو ایک شخص نے اپنی اسکوٹی بیچ میں کھڑی کر دی تھی تاکہ وہ فرار نہ ہو سکیں۔ اسکوٹی کی وجہ سے بدمعاش گر گئے اور کچھ لوگوں کے ساتھ ان کی ہاتھا پائی بھی ہوئی لیکن پستول دکھا کر وہ بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔ بدمعاش اپنی موٹر سائیکل جائے واقعہ پر ہی چھوڑ گئے۔
بعد ازاں اس واقعہ کے تعلق سے پولس نے بتایا کہ جس موٹر سائیکل پر دونوں بدمعاش آئے تھے وہ چوری کی ہے اور موٹر سائیکل کے پاس سے ایک دیسی کٹا اور 3 زندہ کارتوس بھی برآمد ہوئے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ اغواکاروں میں سے ایک کو پولس نے گرفتار کر لیا جس نے انکشاف کیا ہے کہ بچی کا اغوا کرنے کے لیے پیسے بچی کے ہی ایک قریبی رشتہ دار نے ہی دیئے تھے۔ ‘اے بی پی نیوز’ کے صحافی سمت اوستھی نے اس تعلق سے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے کہ اغوا کی سازش بچی کے چچا نے رچی تھی جو کہ بے روزگاری سے پریشان تھا اور اسے پیسوں کی ضرورت تھی۔