20جولائی سے شروع ہونے والے سیشن کی تیاری شروع،ایوان میں اضافی کرسیاں لگائی جائیںگی

اسمبلی مانسون سیشن :

بھوپال:9 جولائی (نیانظریہ بیورو)
20جولائی سے شروع ہونے والے اسمبلی سیشن کے دوران ایم ایل ایزکے سوشل ڈسٹینسنگ بنائے رکھنے کے لئے ایوان میں اضافی کرسیاں لگائی جائیں گی۔ اس کے لئے اسمبلی کے پروٹیم اسپیکر اور اپوزیشن کے لیڈران کے ذریعہ ایوان کا معائنہ کرنے کے بعد اسمبلی سکریٹریٹ کی جانب سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ایوان میں ایم ایل ایز اور وزراءکی دو کرسیوں کے درمیان ایک اضافی کرسی رکھی جائے گی ، تاکہ معاشرتی فاصلہ برقرار رہے۔مدھیہ پردیش اسمبلی کا5یومیہ مانسون سیشن کو لے کر اسمبلی سیکرٹریٹ تیاریوں میں مصروف ہے۔ کورونا انفیکشن کے پیش نظر اسمبلی سکریٹریٹ میں اس سے بچاﺅ کے لئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسمبلی پہنچنے والے تمام وزرائ،ایم ایل ایزاور ان کے معاونین کی تھرمل اسکریننگ کی جائے گی۔ اور ہینڈ سینیٹائزرکرانے کے بعد ہی اسمبلی میں انٹری دی جائے گی۔ اسمبلی سیشن کے دوران صرف محدود تعداد میں لوگوں کو اسمبلی میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ ایم ایل اےز کے ڈرائیوروں اور دیگر لوگوںکو اسمبلی میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہیں روکنے کے لئے اسمبلی کے باہرہی ٹینٹ لگایا جائے گا۔ اسمبلی کی کارروائی کے دوران ایوان کو ہر روز دو بارسینیٹائز کیا جائے گا۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کے پرنسپل سکریٹری کے مطابق اسمبلی کی کارروائی کے دوران وزراءاور ایم ایل ایز کی کرسیوں کے درمیان اضافی کرسیاں لگائی جائیںگی ، تاکہ ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رہے۔