مدھیہ پردیش میں عام آدمی پارٹی کے ریاستی صدر اور دیگر عہدیداران نے دیا استعفیٰ


بھوپال:8جولائی (نیانظریہ بیورو)
مدھیہ پردیش میں عام آدمی پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ریاستی صدر آلوک اگروال سمیت پارٹی کے تمام عہدیداران نے استعفیٰ دےدیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کئی اضلاع کے کارکنوں نے بھی پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔غورطلب ہے کہ اسمبلی انتخابات میں ملی شکست کے بعد پارٹی نے عام انتخابات میں ایک بھی امیدوار نہیں اتارا تھا ۔ جس کی وجہ سے پارٹی میں آپسی رنجش تیز ہو گئی تھی۔دراصل بدھ کوراجدھانی کے گاندھی بھون میں منعقد پارٹی میٹنگ میں تمام عہدیداران نے اجتماعی طور پر فیصلہ لیتے ہوئے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ وہیںپارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے استعفے میں عہدیداران نے الزام لگایا ہے کہ ریاست کے انچارج گوپال رائے جس طرح سے گذشتہ کچھ عرصے سے کام کر رہے ہیں ، اس کی وجہ سے ریاست میںپہلے سے کام کرنے والے عہدیدار ناخوش ہیں۔ کیونکہ وہ کسی کو بھی کام نہیں کرنے دے رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی پارٹی کے عہدیداران نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ گوپال رائے منصوبہ بند طریقے سے ریاست میں عام آدمی پارٹی کو ختم کررہے ہیں۔ عہدیداران نے اپنا استعفیٰ پارٹی کے قومی صدر اور کنوینر اروند کیجریوال کو بھیج دیا ہے ۔گوپال رائے نے ریاستی ایگزیکٹو کے ذریعہ اجتماعی طور پر منظور کیے گئے فیصلے پرروک لگانے کا کام کیاہے۔ وہیںدوسری طرف ریاستی کنوینر اور زون کے انچارجوں کو کسی بھی امیدوار یا کارکن سے ملنے اورمیٹنگ کرنے سے منع کردیا ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ ہی گوپال رائے کے ذریعہ کچھ بدعنوان لوگوں کی طرف سے ایک گروپ بناکر عوام میں افواہ پھیلا کرپارٹی کو کمزور کیا جارہا ہے۔