سندھیا حامی وزراءکو اہم وزارت ملنے کا امکان


بھوپال:3جولائی (نیانظریہ بیورو)
جمعرات کو ہوئے کابینہ توسیع میں نئے تقرر ہوئے وزراءکے محکمات ایک دو دن میں تقسیم ہونے کا امکان ہے۔ سیاسی حلقوں میں جاری قیاس آرائیوں کے بیچ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ پہلے کے پانچ وزراءکے محکمات میں بھی تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ مانا جارہا ہے کہ سندھیا حامیوں کو خاص محکمات سے نوازا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق شیوراج کابینہ توسیع میں کانگریس سے آئے 14سابق ایم ایل ایز کو وزیر بنوانے کے بعد اب جیوتی رادتیہ سندھیا نے انہیں دیئے جانے والے محکمات کے بارے میں بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کردیا ہے۔ سندھیا نے اپنے قریبی وزراءکو اہم محکمات کی تقسیم کا عمل مرکزی قیادت سے ہی پورا کرالیا ہے۔ اب باقی محکمات کو لے کر وزراءکی صلاحیت اور وزیراعلیٰ شیوراج کی پسند کی بنیاد پر محکمہ تقسیم کرنے پر غور وخوض چل رہا ہے۔ مانا جارہا ہے کہ وزیراعلیٰ شیوراج ایک دودن میں وزراءکے محکمات طے کرگورنر کو اطلاع دیںگے۔ذرائع کے مطابق سندھیا کے قریبی وزراءکو دیئے جانے والے محکمات کی فہرست تیار کر وزیراعلیٰ شیوراج کو دیدی گئی ہے۔ اس میں آب کاری،شہری انتظامیہ اور ترقی اور توانائی جےسے بڑے اور اہم محکمات شامل ہیں۔