بی جے پی حکومت اور کابینہ ریاست کی عوام کی توہین ہے:کمل ناتھ


بھوپال:3جولائی (نیانظریہ بیورو)
کابینہ توسیع بی جے پی کا اندورنی معاملہ ہے۔ یہ سودے بازی کی حکومت ،اور سودے بازی کی کابینہ ہے۔ 33وزراءمیں سے 14وزیر ایسے ہیں،جو موجودہ وقت میں ایم ایل اے بھی نہیں ہےں، ایسے میں یہ سودہ نہیں ہے تو اور کیا ہے؟ سابق وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے یہ بات کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ریاست کی توہین ہے،بلکہ ریاست کے ساتھ ہی پورے ملک کی توہین کررہے ہیں۔پورے ملک میں پہلی بار جمہوریت کے ساتھ کھلواڑ ہماری ریاست میں ہورہا ہے۔ہمیں شرم آرہی ہے کہ مدھیہ پردیش میں کس طرح کی سیاست چل رہی ہے۔ایسی سیاست ہماری ریاست میں کبھی نہیں ہوئی۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ صحیح ہے کہ میں نے بی جے پی کے ان ایم ایل اےز کے لئے ہمدردی ظاہر کی، جو صلاحیت مند ہونے کے باوجود کابینہ میں جگہ نہیں بناپائے ہیں۔ ٹائیگر کے سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کون سا ٹائیگر زندہ ہے، پیپر کا ٹائیگر زندہ ہے یا سرکس کا ٹائیگر زندہ ہے؟ اپنے ملک میں ٹائیگر کے ساتھ ساتھ طرح طرح کے گھوڑے بھی ہوتے ہیں۔ ایک شادی کا گھوڑا ہوتا ہے جو سج سجاکر شادی میں ناچنے جاتا ہے، ایک ریس کا گھوڑا ہوتا ہے ۔ اور ایسے ہی کئی طرح کے ٹائیگر بھی ہوتے ہیں۔