وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کابینہ کے وزراءکےلئے جاری کی ہدایات

کابینہ توسیع کے بعد پہلی کابینہ میٹنگ:

بھوپال:2جولائی (نیانظریہ بیورو)
جمعرات کو کابینہ توسیع کے بعد وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کابینہ کی میٹنگ بلائی۔نئے وزراءکو مبارکباد دینے کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے انہیں فوری طور پر کام میں مصروف ہونے کی ہدایت دی ۔ ریاست میں کورونا وباءکی پھیلتے دائرے کو دیکھتے ہوئے وزیراعلیٰ شیوراج نے وزراءکو استقبالیہ پروگرام سے پرہیز کرنے کی صلاح دی ہے۔ ساتھ ہی انہیں کچھ خاص ہدایات بھی دی۔جس میں سب سے اہم بدعنوانی سے دور رہنا ہے۔ شیوراج کابینہ میٹنگ کی شروعات بھگوان گنیش کی نظر ایک شلوک کے ساتھ ہوئی۔ نئے وزراءکو مبارکباد دینے سے قبل گنیش جی کی پوجا کی گئی۔ اس کے بعد وزراءکو فوری طور پر کام میں مصروف ہونے کی صلاح دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نہ میں چین سے بیٹھوں گا ،نہ آپ کو بیٹھنے دوںگا۔
وزیراعلیٰ کی وزراءسے اپیل:تمام وزراءہفتہ میں کم سے کم دو دن بھوپال میں رہیں۔پیر کو محکماتی جائزہ اور منگل کو کابینہ کی میٹنگ کے لئے بچاکر رکھیں۔ کابینہ ایک فیملی ہے، حکومت کو ایک فیملی کی طرح چلانا ہے۔ ریاست کی ترقی کے کام بغیر رکاوٹ کے پورے ہوں۔کارکنان کو وقت دیں اور ان کی عزت کریں۔ بدعنوانی سے دور رہیں، تمام کام بہتر طریقے سے ہوں۔دراصل وزیراعلیٰ بننے کے 100دن بعد جمعرات کو شیوراج سنگھ چوہان نے اپنی کابینہ کی توسیع کی ہے۔ راج بھون میں منعقد پروگرام میں انچارج گورنر آنندی بین پٹیل نے 28نئے وزراءکو حلف دلائی۔ ان میں 20کابینہ اور 8 وزیرمملکت ہیں۔