ریاست میں کابینہ توسیع کو لےکرقیاس آرائیاں تیز


بھوپال:30جون (نیانظریہ بیورو)
مدھیہ پردیش میں شیوراج سنگھ چوہان کابینہ توسیع کا انتظار اب ختم ہونے والا ہے۔ قیاس لگایا جارہا ہے کہ کابینہ میں 23نئے وزیر حلف لیںگے۔ اسٹیٹ گیریج میں 26گاڑیوں کو تیار رہنے کو کہہ دیا گیا ہے، اسلئے قیاس لگایا جارہا ہے کہ23وزیر حلف لے سکتے ہیں کیوں کہ تین یا چار گاڑیاں اضافی رکھی جاتی ہیں۔ دہلی میں دو دن کی سنجیدہ غوروخوض کے بعد کابینہ کے ممبران کے نام طے ہوچکے ہیں۔ ان میں سندھیا کوٹے سے امرتی دیوی ، پردیمن سنگھ تومر،مہیندر سنگھ سسودیا، پربھورام چودھری، رنویر جاٹو،ایندل سنگھ کنسانا،بساہولال سنگھ،ہردیپ ڈنگ اور راج وردھن سنگھ کے نام شامل ہیں۔ حالانکہ بی جے پی کوٹے سے کون کون وزیر بنیں گے اس بات کا ابھی خلاصہ نہیں ہوا ہے ، لیکن اس بات کی امید زوروں پر ہے کہ بھوپیندر سنگھ ،گوپال بھارگو،موہن یادو،اروند بھدوریا،سنجے پاٹھک،وشواس سارن،رامیشور شرما،یشپال سنگھ سسودیا وزیربن سکتے ہیں۔ شیوراج کابینہ میں ان لوگوں کے ساتھ کل تعداد 28ہوجائیںگی، اور اس طرح سے ابھی 6وزیر کے عہدے کابینہ میں خالی رہیںگے،جنہیں آنے والے وقت میں پر کرنے کا موقع شیوراج کے پاس رہے گا۔