بی جے پی ایم ایل اے سکلیچا کے رابطے میں آئے دیویاراج سنگھ کی بھی رپورٹ آئی مثبت


بھوپال:29جون(نیانظریہ بیورو)
مدھیہ پردیش کے ریوا سے بڑی خبر مل رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک اور بی جے پی ایم ایل اے دیویا راج سنگھ کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ وہ راجیہ سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی ایم ایل اے سکلیچا کے رابطے میں آئے تھے۔ جس کے بعدسے ہی وہ بیمارتھے تو انہوں نے 20جون سے خود کو آئیسولیشن میں رکھا تھا۔ اب ان کی رپورٹ کورونا پازیٹیو آئی ہے۔ خبر ملتے ہی رابطے میںآئے لیڈران اور پورے ضلع میں افراتفری کا ماحول ہے۔ دراصل ریوا راج گھرانے کے راج کمار اور سرمور سے بی جے پی ایم ایل اے دیویاراج سنگھ کی کورونارپورٹ پازیٹیو آنے سے افراتفری کا ماحول بن گیا ہے۔ طبیعت بگڑنے کے بعد انہوں نے خود کو کوارنٹائن کرلیا تھا۔ جس کے بعد ان کا سیمپل لیا گیا جس کی رپورٹ اب پازیٹیوآئی ہے۔ اس کے بعد ریوا قلعہ کے مین گیٹ کو بند کردیا گیا ہے۔ تحصیلدار یہاں پہنچے تھے اور اس کے بعد واپس لوٹ آئے۔ ریوا میونسپل کارپوریشن کا عملہ یہاں موجود ہے۔ قلعہ کے اندرمحکمہ صحت کی ٹیم فیملی کے دیگر ممبر کی خبر لے رہی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ شہید دیپک سنگھ کو خراج عقیدت دینے شیوراج سنگھ چوہان کے ساتھ ریوا کے فریندا گاﺅں بھی پہنچے تھے، اس دوران ان کے ساتھ سرمور ایم ایل اے دیویاراج سنگھ بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ دیویاراج سنگھ کافی وقت سے بی جے پی سے جڑے ہیں اور 2013میں بھی سرمور اسمبلی حلقہ سے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے اور2018میں بھی انہوں نے انتخاب میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے کانگریس امیدوار ارون کمار تواری کو ہرایاتھا۔گذشتہ مہینے ٹی وی فن کار اور ان کی بہن راج گھرانے کی راج کماری موہنا کماری سمیت فیملی کے کئی لوگ کورونا کی زد میں آچکے ہیں۔غورطلب ہے کہ اس سے قبل مدھیہ پردیش کے جاود اسمبلی حلقے سے بی جے پی ایم ایل اے اوم پرکاش سکلیچا کی کورونا جانچ رپورٹ پازیٹیو آچکی ہے۔ ایم ایل اے کی اہلیہ کو بخار آیا تھا جس کے بعد ان کی اہلیہ اور انہوں نے اپنی جانچ بھوپال کی ایک پرائیویٹ لیب میں کرایا تھا۔ راجیہ سبھا انتخابات کے دوران سکلیچا کئی ایم ایل ایز کے رابطے میں آئے تھے،لیکن جانچ کے بعد تمام ایم ایل اےز کی رپورٹ نیگاٹیو آئی تھی۔