راہل گاندھی کی سالگرہ پر کوئی تقریب نہیں،صرف شہیدوں کو خراج عقیدت اور غریبوں کی مدد

کانگریس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ سرحد پر فوجی جوانوں کی شہادت اور کووڈ بحران کے پیش نظر وہ نہیں چاہتے کہ کوئی بھی ان کی سالگرہ پر اس سال کسی تقریب کا انعقاد کرے۔کانگریس نے تمام ارکان کو بذریعہ ریاستی صدور یہ پیغام دیا ہے کہ راہل گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر نہ تو کہیں کیک کاٹا جائے گا اور نہ ہی کوئی نعرےبازی کی جائے گی۔ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کانگریس ارکان کووڈ بحران سے متاثر افراد کی مدد کریں اور سرحد پر شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کریں۔ واضح رہے آج راہل گاندھی کی سالگرہ ہے۔

اندور میں 4191 افراد کورونا وائرس سے متاثر، 185 افراد ہلاک
اندور: مدھیہ پردیش کے ضلع اندور میں کورونا کے 57 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 4191 ہوگئی ہے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 185 ہوگئی ہے۔ دوسری طرف اب تک 3131 متاثرہ افراد صحتیاب ہوکر اسپتال سے گھر جاچکے ہیں۔ چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم ایچ او) ڈاکٹر ایم پی شرما نے کل رات بلیٹن جاری کرکے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 65402 ٹیسٹ رپورٹیں موصول ہوچکی ہیں جن میں سے 4191 کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ٹیسٹ کیے گئے کل 2266 نمونوں میں سے 57 میں وائرس پایا گیا تھا۔ دوسری طرف راحت کی خبر یہ کہ کل صحت یاب ہونے پر اسپتال سے 3131 مریضوں کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے، جس کے بعد زير علاج مریضوں کی تعداد 875 رہ گئی ہے۔ جبکہ اب تک 4230 مشتبہ افراد کو صحت مند پائے جانے پر قرنطینہ مراکز سے چھٹی دے دی گئي ہے۔

مزدوروں کے لئے ہزار بار جیل جانے کو تیار: اجے کمار للو
لکھنؤ: مزدوروں کو دہلی سے اترپردیش لانے کے لئے کانگریس کی جانب سے بسوں کے انتظام میں خرد برد کے الزام میں 20 مئی کو گرفتاری کے بعد کل رہا کیے گئے پارٹی کے ریاستی صدر اجے کمار للو نے جمعرات کو کہا کہ وہ مزدوروں کے لئے ہزار بار جیل جانے کو تیار ہیں۔

ریاستی کانگریس صدر نے یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی تانا شاہی کانگریس کو غریبوں کی خدمت کرنے سے نہیں روک سکتی۔ وہ خود مزدور رہے ہیں اور ان کے دکھ درد کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے خود گڑگاؤں میں مزدوری کی ہے۔ غریب مخالف بھارتیہ جنتا پارتی کی حکومت نہیں چاہتی کہ غریبوں کو راحت ملے۔ بی جے پی کی غریب مخالف ذہنیت صاف ہوگئی ہے۔

بھاگوت نے چین کے پُرتشدد برتاؤ کی مذمت کی
ناگپور: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سربراہ موہن بھاگوت نے لداخ کے گلوان وادی میں چینی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں 20 ہندوستانی جوانوں کے شہید ہونے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے چین کے پُر تشدد تیور کی مذمت کی ہے۔ موہن بھاگوت نے بدھ کو ٹوئٹ کیا،’’سنگھ ہندوستانی فوجیوں کو سلام کرتا ہے جو لداخ علاقے کے گلوان وادی میں ملک کی سالمیت اور عزت نفس کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔ ہم جوانوں کے کنبوں کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، جنہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان گوائی۔‘ آر ایس ایس سربراہ نے کہا، کہ ’’آر ایس ایس چین کی حکومت اور اس کی فوج کے جارحانہ اور پُرتشدد برتاؤ کی مذمت کرتا ہے۔ ہم سبھی ہندوستانی بحران کے اس گھڑی میں ہندوستانی فوج اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کورونا ٹیسٹ کے لیے لانچ کیا موبائل لیب
مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج کورونا انفیکشن ٹیسٹ کے لیے ہندوستان کا پہلا موبائل لیب لانچ کر دیا۔ اسے ہندوستان کے دیہی علاقوں میں تعینات کیا جائے گا اور یہ روزانہ 25 آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ 300 ایلیسا ٹیسٹ کر سکتا ہے۔

فوجیوں کو شہادت کے لیے غیر مسلح کس نے بھیجا: راہل گاندھی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وادی گلوان میں 20 جوانوں کی شہادت پر کچھ ایسے سوال اٹھائے ہیں جو قابل غور ہیں۔ انھوں نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”چین نے غیر مسلح فوجیوں کا قتل کر کے ایک بہت بڑا جرم کیا ہے۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان بہادروں کو بغیر اسلحہ کے خطرے کی جانب کس نے بھیجا اور کیوں بھیجا؟“

ممبئی: سوشانت سنگھ کی دوست ریا چکربرتی پولس اسٹیشن پہنچیں
ممبئی میں سوشانت سنگھ راجپوت کی دوست ریا چکربرتی باندرا پولس اسٹیشن پہنچی ہیں۔ سوشانت سنگھ خودکشی معاملے میں پولس کئی لوگوں سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے اور اسی مقصد سے ریا چکرورتی کو بھی پولس اسٹیشن بلایا گیا ہے۔

شہید فوجی جوان سنیل کمار کو پیش کیا گیا گارڈ آف آنر
ہند-چین سرحد پر ہنددوستان اور چین کی فوجوں کے درمیان گزشتہ دنوں ہوئے تصادم میں شہید ہونے والے حولدار سنیل کمار کو بہار کے بہٹا میں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور چین کے درمیان فوجی تصادم میں ہندوستان کے تقریباً 20 فوجی و افسران کے شہید ہونے کی خبریں موصول ہو چکی ہیں۔

کورونا انفیکشن: ہندوستان میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 12881 نئے کیس درج
ہندوستان میں بڑھتے کورونا انفیکشن کے درمیان آج ایک بار پھر ریکارڈ کیس سامنے آئے ہیں۔ جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان 12881 نئے کیس سامنے آئے ہیں جب کہ اس دوران 334 لوگوں کی موت واقع ہوئی۔ اس طرح سے ہندوستان میں مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد 366946 ہو گئی ہے اور مہلوکین کی مجموعی تعداد 12237 پہنچ گئی ہے۔

ستیندر جین کے کورونا پازیٹو ہونے کے بعد منیش سسودیا کو ملی وزارت صحت کی اضافی ذمہ داری
دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کورونا انفیکشن کے شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور علاج جاری ہے۔ اس درمیان وزارت صحت کی اضافی ذمہ داری نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو دے دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ستیندر جین سے جڑی دیگر ذمہ داریوں کو بھی فی الحال منیش سسودیا ہی سنبھالیں گے۔ واضح کہ ستیندر جین کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ بدھ کے روز پازیٹو برآمد ہوئی تھی۔

لگاتار بارہویں دن پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ
کورونا بحران میں عوام پہلے ہی کافی پریشان ہیں اور اس درمیان مہنگائی کا قہر بھی جاری ہے۔ ہندوستان میں لگاتار بارہویں دن پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی میں آج پٹرول کی قیمت میں 53 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اور اس کے ساتھ ہی ڈیزل کی قیمتوں میں 64 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی میں اس وقت پٹرول 77.81 روپے فی لیٹر جب کہ ڈیزل 76.43 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔