محکمہ عام انتظامیہ کا حکم: ولبھ بھون اور دیگروزارت میں باہری لوگوں کے آنے پر عائد کی پابندی


بھوپال:17جون(نیانظریہ بیورو)
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں بڑھتا کورونا کا گراف جہاں حکومت کی مشکلات میں اضافہ کررہا ہے ،وہیں سرکاری دفاتر پر بھی کورونا کا خوف چھایا ہوا ہے۔ وزارت میں بروز بدھ محکمہ توانائی میں اٹیچ کنسلٹینسی کے ایک ملازم کے مثبت ملنے کے بعد باہری لوگوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس سے قبل بھی وزارت کے ملازمیں مثبت ہوچکے ہیں۔محکمہ توانائی میں اٹیچ کنسل ٹینسی کے ملازم کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد وزارت میں باہری لوگوں کی داخلہ پر پابندی لگادی گئی ہے۔ محکمہ عام انتظامیہ نے اس ضمن میں ہدایات جاری کی ہے۔ غورطلب ہے کہ وزارت میں اب تک تین ملازمین کی رپورٹ مثبت آچکی ہے۔ان میں سے ایک ملازم کی کورونا سے موت بھی ہوچکی ہے۔واضح رہے کہ وزارت میں ملازمین کے علاوہ ریاست کے صرف ایسے افسران -ملازمین جو سرکاری کام سے وزارت آئے ہیں، ان کے علاوہ کسی بھی افسران یا ملازمین کو داخل نہیں ہونے دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے دفتر،خاص معاون،وزراءاور پرنسپل سکریٹری اور ان سے سینئر افسران کے ذریعہ جاری لیٹر ہولڈرز کو ہی داخلہ دیا جاسکتا ہے۔ دیگر کسی بھی بنیاد پر غیر سرکاری شخص کو داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔