بی جے پی کے پوسٹر میںسندھیا کا کانگریسی گمچھے والا فوٹو


بھوپال:15جون (نیانظریہ بیورو)
کانگریس چھوڑ بی جے پی میں آئے سینئر لیڈر جیوتی رادتیہ سندھیا کی بی جے پی کے پوسٹروں میں فوٹوز نہ ہونے کے اب کئی معاملے سامنے آچکے ہیں۔ جس کو لے کر سوال بھی اٹھے کہ کیا بی جے پی میں بھی سندھیا ایڈجیسٹ نہیں ہوپارہے ہیں، کیا بی جے پی کے سینئر لیڈران کے حامی سندھیا کو پسند نہیں کررہے ہیں۔ اسی دوران ایک اور پوسٹر سرخیوں میں آیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اس مرتبہ بی جے پی کے ایک پوسٹر میں جیوتی رادتیہ سندھیا کو شامل کیا گیا ہے۔ حالانکہ اس مرتبہ بی جے پی کا یہ پوسٹر نئی وجہ سے زیر بحث بنی ہوئی ہے۔ پوسٹر میں جس فوٹو کو لگایا گیا ہے، اس فوٹو میں سندھیا کے گلے میں کانگریسی گمچھہ پہنے ہوئے ہیں۔ یہ پوسٹر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ اور لوگ سندھیا کے کانگریسی گمچھے کو لے کر ٹرول کررہے ہیں۔ بی جے پی کے ایک لیڈر راہل رویندر نایر کے ذریعہ شیئر کئے گئے اس پوسٹر میں لکھا ہے کہ”چلو سانویر چلو پھر بی جے پی کا کمل کھلانے“۔پوسٹر میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ ،ممبرپارلیمنٹ شنکر لال وانی، وزیرتلسی سلاوٹ جیسے سینئرلیڈران کے فوٹوز اوپرلگائے گئے ہیں،وہیں سندھیا کی فوٹوایم ایل اے آکاش وجے ورگیہ کے ساتھ لگائی گئی ہے۔ جن سیٹوں پر اسمبلی ضمنی انتخابات ہونے ہیں، ان میں سانویر سیٹ بھی شامل ہےں۔ یہاں ضمنی انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ اس ہائی پروفائل سیٹ سے تلسی سلاوٹ کی خاص دعویداری ہے۔