بھوپال میںماسک نہ لگانے والوں پر پولس کررہی ہے کارروائی


بھوپال:14جون (نیانظریہ بیورو)
کورونا وباءاور لاک ڈاﺅن میں سختی کے بعد اب ان لاک 1.0میں بھی راجدھانی پولس سختی کررہی ہے۔ قانون توڑنے والوں کے خلاف جرمانہ وصولنے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ ان لاک 1.0سے لے کر اب تک راجدھانی کی ٹریفک پولس ماسک نہیں پہننے والوں کو لے کر بے حد سخت رویہ اختیار کرچکی ہے۔روزانہ تقریباً 100سے 120چالان کاٹ رہی ہے۔ ماسک نہیں پہننے والوں سے پولس سوروپے جرمانہ وصول کررہی ہے۔ اب تک ایسے تقریباً ڈھیڑ ہزار سے زائد لوگوں کے خلاف کارروائی ہوچکی ہے۔ لاک ڈاﺅن میں سرکاری ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوںکے خلاف ٹریفک پولس چالان کی کارروائی کررہی ہے۔ اب ان لاک 1.0میں پولس کی پوری توجہ ماسک نہیں لگانے والوں پر ہے۔ ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر اب پولس چوک چوراہوں پر بیری کیڈنگ لگاکر بغیر ماسک کے گھر سے باہر نکلنے والوںکے خلاف سخت کارروائی کررہی ہے ۔ پولس افسران کے مطابق پورے شہر میں ایسے 300سے زائد چیکنگ کارنرس بنائے گئے ہیں جہاں روز ماسک نہیں پہننے والے 100سے120لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ ایسے لوگوں سے جرمانے کے طورپر 100روپے وصول کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ بائک چلانے والوں پر بھی چیکنگ کے دوران خاص توجہ دی جارہی ہے۔ ایسے لوگ جو بائک پر دو یا تین سواری بٹھاکر شہر میں گھوم رہے ہیں۔ان کے خلاف پولس سختی کا برتاﺅ کررہی ہے۔ وہیں چار پہییا گاڑیوں میں ڈرائیور اور 2سواریوں کے علاوہ کوئی تیسرا پایا جارہا ہے تو ان کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ حالانکہ سب سے زیادہ معاملے بغیر ماسک پہنے گھر سے باہر گھومنے والے لوگوں کے ہی آرہے ہیں۔